• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز شریف کی طلبی کیلئے برطانوی اخبارات میں اشتہار دینے کی درخواست مسترد

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) نواز شریف کی بذریعہ اشتہار عدالت طلبی کے اخبارات میں شائع ہونے والے اشتہارات اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کر دئیے گئے۔ 

رجسٹرار آفس نے اشتہار سیکرٹری خارجہ کے ذریعے پاکستانی ہائی کمیشن لندن کو بھجوا دئیے ہیں جس میں نواز شریف کی برطانوی رہائش گاہ اور رہائشی علاقہ میں اشتہار چسپاں کرنے سمیت لندن میں متعلقہ رہائشی علاقہ میں اعلانات کرانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔ 

عدالت نے وفاق کی جانب سے دو برطانوی اخبارات میں بھی اشتہارات شائع کرانے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ لندن ایڈیشن میں اشتہار کی اشاعت سے عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہو چکا ہے ، برطانوی اخبارات میں الگ سے اشتہار شائع کرانا ضروری نہیں۔ 

پیر کو نواز شریف کی عدالت طلبی کے اشتہارات دو قومی اخبارات کے لاہور ایڈیشن اور ایک لندن ایڈیشن میں شائع ہونے کی رپورٹ اسلام آباد ہائی کورٹ میں جمع کروائی گئی۔ 

ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بنچ کے روبرو استدعا کی کہ برطانیہ میں گارڈین اور ٹیلی گراف زیادہ پڑھا جاتا ہے ، وہاں کے اخبارات میں بھی اشتہار شائع ہوتا تو مناسب تھا۔ 

عدالت نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد ہو چکا ہے ، ضروری نہیں کہ اشتہار ہر اس اخبار میں شائع کروائیں جو وہ بندہ پڑھتا ہو۔

تازہ ترین