لاہور (اے پی پی)لاہور کی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں آج منگل کونیب دفتر لاہور کے باہر ہنگامہ آرائی و توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں نامزد مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر و سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا ﷲ، ایم این اے اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر، مرزا جاوید ایم پی اے سمیت 27 لیگی کارکنوں کی عبوری ضمانتوں کے کیس کی سماعت ہوگی۔انسداد دہشگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد حسین بھٹہ نے کیس کی سماعت کرینگے۔عدالت نے پولیس سے مقدمہ کی تفتیشی رپورٹ و دیگر ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔پولیس تھانہ چوہنگ میں نیب کی درخواست پر رانا ثنا ﷲ اور کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر سمیت دیگر لیگی کارکنوں کے خلاف مریم نواز کی پیشی کے موقع پر نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی اور تھوڑ پھوڑ کا مقدمہ درج کیا گیا جس میں عدالت نے ملزمان کی عبوری ضمانتیں منظور کی ہیں جس میں آج بروز منگل تک توسیع کی گئی تھی۔