• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اگر پوری پولیس چھٹیوں پر جائیگی تو یہ اچھی بات نہیں، فواد چوہدری


کراچی (ٹی وی رپورٹ)وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے وفاقی حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں ہے،بلاول بھٹو اور مراد علی شاہ دونوں مختلف باتیں کررہے ہیں، دونوں آپس میں بات کر کے طے کرلیں کیا موقف اختیار کرنا ہے، اگر پوری پولیس چھٹیوں پر جائے گی تو یہ اچھی بات نہیں ہے، امید ہے سندھ حکومت پولیس کے ساتھ معاملہ حل کرلے گی، عمران خان سے عزت کروانی ہے تو ان کی عزت کریں، ملک میں سیاسی عدم استحکام رہے گا تو معیشت کیسے بہتر ہوگی۔وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں سیکرٹری جنرل مسلم لیگ ن احسن اقبال بھی شریک تھے۔احسن اقبال نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کے نعروں کو ہلڑبازی نہیں کہا جاسکتا، وفاقی حکومت ابھی تک کیپٹن صفدر کی گرفتاری لے کر بیٹھی ہے بات بہت آگے بڑھ گئی ہے، پولیس فورس پاکستان کی اندرونی سیکیورٹی کی ریڑھ کی ہڈی ہے، حکومت اپوزیشن رہنماؤں کی گرفتاری کا سیزن ٹو شروع کرنا چاہتی ہے۔نمائندہ جیو نیوز طلحہ ہاشمی نے بتایا کہ صرف آئی جی سندھ اور زونل ڈی آئی جیز ہی نہیں ایس ایس پیز بھی چھٹیوں پر جارہے ہیں، کل سے جو چیزیں سامنے آرہی تھیں اس کے بعد پولیس میں کافی بے چینی پائی جاتی تھی، میری سینئر پولیس افسران سے بات ہوئی وہ بہت بددل تھے، آئی جی سندھ اور کراچی پولیس چیف کے چھٹی پر جانے کے بعد دیگر افسران نے بھی چھٹی پر جانے کا فیصلہ کیا۔وفاقی وزیرسائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کیپٹن (ر) صفدر کی گرفتاری سے وفاقی حکومت کا کچھ لینا دینا نہیں ہے، کیپٹن (ر) صفدر نے مزار قائد میں ہلڑبازی کی جس پر عوامی ردعمل آیا ، سندھ پولیس نے اس پر کارروائی کی، قائداعظم محمد علی جناح کا مزار وزارت تعلیم کا ایک ونگ ہے، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کے مقدمہ درج کرنے کی درخواست پر انہیں مجسٹریٹ کے پاس جانے کیلئے کہا گیا۔

تازہ ترین