• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی ڈی ایم کے جلسوں سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوچکیں،اے این پی

کوئٹہ (آئی این پی) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر ، ضلعی جنرل سیکرٹری نذر علی پیر علی زئی ، انورمندوخیل،عین الدین ترین، قاری علی محمد اور حافظ ستار نے ہزار گنجی میں 25اکتوبر کو پی ڈی ایم کے جلسے کے حوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ باچاخان اور ولی خان نے جو پیش گوئی کی تھی آج وہ سب درست ثابت ہوئی ۔ عوامی نیشنل پارٹی نے جمہوریت کی بقاء کے لئے بیش بہاں قربانیاں دی ہیں ، پارٹی قائدین اور کارکنوں نے بڑی تعداد میں جانوں کے نذرانے تو پیش کئے مگر اپنی اصولی سیاست سے کبھی رائے فرار اختیار نہیں کی۔انہوں نے کہاکہ باچاخان کے فلسفہ عدم تشدد کے پیروکاروں نے ہر دور میں ظلم و زیادتیاں برداشت کیں مگر کبھی تشدد کا را ستہ نہیں اپنایا یہی وجہ ہے کہ آج جنوبی پشتونخوا میں بھی عوامی نیشنل پارٹی عوام میں مقبول ترین جماعت بن چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی نے روز اول سے آئین کی حکمرانی ، پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہوریت کے لئے آواز بلند کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے کامیاب جلسوں سے حکمرانوں کی نیندیں حرام ہوچکی ہیں اسی لئے وہ آئے روز پی ڈی ایم میں شامل جمہوریت دوست جماعتوں کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے نظر آتے ہیں جس سے ثابت ہورہا ہے کہ وہ پی ڈی ایم سے کس قدر خوفزدہ ہیں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کا کوئٹہ میں ہونے والا جلسہ نہ صرف کامیاب ہوگا بلکہ اس سے حکمرانوں کو ایک واضح پیغام مل جائے گا کہ یہاں کے عوام سلیکٹڈ حکمرانوں سے بیزار ہوچکے ہیں ۔
تازہ ترین