سندھ پولیس کی موجودہ صورتحال پر اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ، ایڈیشنل آئی جی اور ڈی آئی جیز سمیت تمام سینئر افسران کو آج طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ مراد علی شاہ نے پولیس کے تمام سینئر افسران کو صبح 11 بجے وزیراعلیٰ ہاؤس طلب کرلیا ہے۔
دوسری جانب حالیہ صورتحال سے متعلق گزشتہ روز پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کراچی میں سندھ کے آئی جی پولیس مشتاق مہر کی رہائش گاہ بھی گئے تھے۔
بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ سندھ پولیس نے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف قابل ستائش خدمات انجام دی ہیں، سندھ پولیس نے ملک دشمن عناصر کے خلاف مثالی کارنامے انجام دئیے۔
بلاول بھٹو نے سندھ پولیس کے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف کردار کو سراہا اور پولیس افسران کے سامنے کراچی واقعے پر اظہار مذمت کیا۔