• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

باکسر عامر خان پاکستانی سیاست میں انٹری کے خواہاں

عالمی شہرت یافتہ پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان پاکستان کی سیاست میں باضابطہ طور پر حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

باکسر عامر خان نے کہا ہے کہ انہیں کئی لوگ پاکستان کی سیاست میں آنے کی دعوت دے رہے ہیں جبکہ وہ خود بھی ملک کی خدمت کرنا اپنے لیے اعزاز سمجھتے ہیں۔

سوشل میڈیا سائٹس پر جاری ایک طویل پوسٹ میں باکسر عامر خان نے کہا کہ وہ کھیل، تعلیم اور بچوں سے مشقت کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ ’ ہم سب کو ایک نہ ایک دن دنیا سے جانا ہے، کیوں نہ ہم اس دنیا کو بہتر بنانے میں اپنا حصہ ڈالیں۔‘

عامر خان نے کہا کہ وہ پاکستان کے دورے کے دوران سیاسی رہنماؤں اور فوجی حکام سے ملتے رہتے ہیں۔ ان کا دل صاف ہے اور وہ ملک کے لیے کچھ کر گزرنے کا جذبہ رکھتے ہیں لیکن عملی سیاست میں قدم رکھنے کے حوالے سے ان کا کہنا ہے کہ ’دیکھیں حالات کیا رُخ اختیار کرتے ہیں۔‘

عامر خان نے فلپائن کے باکسر مینی پکیاؤ کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ وہ بھی سیاست میں اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔

اُنہوں نے کہا کہ وہ پکیاؤ کو دیکھتے ہیں جنہوں نے فلپائن کی سیاست میں آ کر بہت کام کیا، وہ بھی اسی طرح پاکستان کی خدمت کرنا چاہتے ہیں۔

انہوں نے لکھا کہ مجھ سے متعدد بار پوچھا گیا کہ کیا میں پاکستان کی سیاست میں حصہ لوں گا؟ اور حقیقت میں میں ملک کی مدد کرنا پسند کروں گا۔ ہو سکتا ہے کہ میں ایک روز سیاست میں آنے پر غور کروں۔

باکسر نے سیاست میں آنے کے حوالے سے مداحوں سے بھی رائے طلب کی۔

خیال رہے کہ 33 سالہ عالمی شہرت یافتہ باکسر عامر خان عامر خان اور فریال مخدوم کی شادی 2013 میں ہوئی تھی۔ رواں برس 22 فروری کو جوڑے کے ہاں بیٹے زاویار کی پیدائش ہوئی تھی۔

عامر خان اور ان کی اہلیہ فریال مخدوم کے گھر یہ تیسرے بچے کی پیدائش ہوئی تھی، جوڑے کی اس سے پہلے دو بیٹیاں بھی ہیں۔

تازہ ترین