• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان مخالف پروپیگنڈا، بھارتی میڈیا کا عالمی سطح پر مذاق بن گیا


بھارتی میڈیا نے پاکستان کے خلاف جھوٹے پروپیگنڈے کے اپنے ہی ریکارڈ توڑ دیے، بھارت نے ایسی خبر چلائی کہ سوشل میڈیا پر اس کا مذاق بن گیا۔

بھارتی میڈیا اپنی اس احمقانہ خواہش کو خبر بنا کر چلاتا رہا کہ کراچی میں دو فریقین کے درمیان جھڑپیں شروع ہوگئی ہیں۔

اس جھوٹ پر دنیا بھر میں کل اور آج دن بھر بھارتی میڈیا کا مذاق اڑایا جاتا رہا اور اسے دنیا کا جھوٹا ترین میڈیا قرار دیا گیا۔

بھارتی میڈیا نے اپنی رپورٹس میں کہا کہ کراچی کے علاقے ’گلشن باغ‘ میں جھڑپیں شروع ہوگئیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جھڑپیں تو ایک طرف کراچی میں تو ’گلشن باغ‘ نام کا کوئی علاقہ تک نہیں، اور ہوتا بھی کیسے کیونکہ ’گلشن‘ اور ’باغ‘ کا تو مطلب بھی ایک ہی ہے، اسی وجہ سے ایسا احمقانہ نام متعصب بھارتی میڈیا کو ہی سوجھ سکتا تھا۔

اس شرمناک جھوٹ کو پھیلانے میں بھارتی چینل سی این این نیوز 18، ٹائمز ناؤ جیسے بڑے ادارے شامل تھے۔

سوشل میڈیا پر پاکستانی صحافی طلعت اسلم نے بھارتی میڈیا کا مذاق اُڑاتے ہوئے کہا کہ کراچی میں سول وار کے قریب ترین چیز ’سول لائنز تھانہ‘ ہے اور ’آرٹلری‘ کے نام سے ’آرٹلری میدان تھانہ‘ ہے جو میرے گھر کی کھڑکی سے نظر آتا ہے۔

ایک اور صحافی مبشر زیدی نے مذاق اُڑاتے ہوئے کراچی میں دو بھارتی شہروں کے نام سے معروف دکانوں کا حوالہ دیا اور کہا کہ ان دکانوں پر صورتحال سنجیدہ ہے۔

پاکستانی وکیل ریما عمر نے کہا کہ بھارتی میڈیا فکشن کو خبر بنا کر پیش کر رہا ہے۔

پاکستانی مصنفہ بینا شاہ نے لکھا کہ وہ ابھی ابھی شہر سے سودا سلف خرید کر لائی ہیں اور شہر میں کوئی خانہ جنگی نہیں ہو رہی۔

اس کے علاوہ کئی سوشل میڈیا صارفین بھارتی میڈیا کی اس احمقانہ حرکت پر میمز بنا بنا کر شیئر کر رہے ہیں۔

تازہ ترین