انقرہ (مانیٹرنگ ڈیسک)سرکاری ٹیلی ویژن پر اردو ڈبنگ کے ساتھ پیش کیا جانا والا ڈراما ‘ارطغرل غازی‘ نہ صرف پاکستانی عوام میں مقبول ہے بلکہ شوبز سے جڑی شخصیات بھی اس ڈرامے کو سراہ رہی ہیں۔جہاں اس ڈرامے نے پاکستانیوں کے دل میں جگہ بنائی ہے وہیں ارطغرل غازی کے تمام کردار بھی پاکستانی عوام کی محبت کے مشکور ہیں اور جلد پاکستان آنے کی خواہش کا اظہار بھی کرچکے ہیں۔اب ایک پاکستانی اداکار عمران عباس نے بارطغرل غازی کے ایک کردار سے ملاقات کی ہے اور دونوں کی یہ ملاقات ترکی میں ہوئی۔عمران عباس نے ارطغرل غازی میں علی یار بے کا کردار ادا کرنے والے اداکار جیم اوجان سے ملاقات کی۔دونوں اداکاروں کی تصاویر اس وقت وائرل ہوئیں جب جیم اوجان نے ملاقات پر عمران عباس کا شکریہ ادا کیا۔ترک اداکار نے عمران عباس کے ساتھ تصویر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’ملاقات کے لیے شکریہ میرے بھائی‘۔ دوسری جانب عمران عباس نے بھی ترک اداکار کے ساتھ تصاویر پوسٹ کی اور لکھا کہ معروف ترک اداکار کے ساتھ ایک بہت اچھی ملاقات رہی۔ یاد رہے کہ گزشتہ دنوں عدنان صدیقی شوٹنگ کے سلسلے میں ترکی گئے تھے جہاں انہوں نے ترکی کے تاریخی مقامات کی سیر بھی کی اور ارطغرل غازی سے وابستہ شخصیات سے ملاقات کی تھی۔عدنان صدیقی نے ترکی کے شہر استنبول میں مداحوں کو جلد خوشخبری کا عندیہ بھی دیا تھا اور انہوں نے ’دیریلیش ارطغرل’ کے مرکزی کردار ارطغرل غازی کے مزار پر حاضری بھی دی تھی۔