• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ کا سیلاب زدگان کیلئے 30 لاکھ پاؤنڈ امداد کا اعلان

کراچی/اسلام آ باد (اسٹاف رپورٹر/رانا غلام قادر/ نیو زرپورٹر) برطانیہ نے سیلاب زدگان کیلئے مزید 30لاکھ پاؤنڈ امداد کا اعلان کردیا ہے ، سنگاپور نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کیلئے 50ہزار امریکی ڈالر کی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد دینے کا اعلان کیا ہے، یہ امداد سیلاب سے متاثرہ خاندانوں اور کمیونٹیز کی بحالی اور ریلیف سرگرمیوں میں معاونت کے لیے فراہم کی جائے گی جبکہ پنجاب حکومت نےسیلاب سے نقصانات کے سروے کے پیش نظرفوج کی خدمات کے لیےوفاقی حکومت کو درخواست کردی ۔ ادھرپیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کاکہناہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے اقوامِ متحدہ کے نظام کے تحت بین الاقوامی امداد کیلئے اپیل میں تاخیر ناقابلِ فہم ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے حالیہ تباہ کن سیلاب کے نقصانات پر پاکستان سے اظہار یکجہتی کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جین میریٹ نے برطانیہ کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے 3 ملین پاؤنڈز امداد اور مزید سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔سنگاپور نے پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے متاثرین کے لئے 50 ہزار امریکی ڈالر کی انسانی ہمدردی پر مبنی امداد دینے کا اعلان کیا ہے‘سنگاپور کی وزارت خارجہ کے مطابق حکومت کی جانب سے یہ رقم "سنگاپور ریڈ کراس" (ایس آر سی) کی فنڈ ریزنگ مہم کے لیے ’’سیڈ منی‘‘ کے طور پر دی جائے گی جو گزشتہ ہفتے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے شروع کی گئی تھی۔ ایس آر سی نے خود بھی 50 ہزار سنگا اپورین ڈالر دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ فوری انسانی ضروریات پوری کی جا سکیں۔ دریں اثناءپنجاب حکومت نے وفاقی حکومت سے سیلاب سے متاثرہ افراد کےلیےسیلابی نقصانات کے سروے کےدوران پاک فوج کے عملے کی شمولیت کی درخواست کی ہے ۔ محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے وفاقی وزارت داخلہ کو لکھے گئےخط میں کہا گیاہےکہ اس آفت کے پیشِ نظرایک جامع بعد از سیلاب نقصانات کاسروے شروع کرنا ناگزیر ہے تاکہ جان و مال، فصلوں، مویشیوں اور انفراسٹرکچر کو پہنچنے والے نقصانات کا تعین کیا جا سکے اور ایک منصفانہ و شفاف معاوضہ ،امدادی پیکج کو حتمی شکل دی جا سکے۔اس سلسلے میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ عوامی تعاون کو یقینی بنانے اور سروے عملے کودرکار سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیےپاک فوج کے نمائندگان کو بھی سروے ٹیموں میں شامل کیا جائےجیسا کہ سیلاب 2022 کے دوران کیا گیا تھا۔ اس مقصد کے لیے ایک ہزار سات سو دس سروے ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں فوج کے نمائندے کے ساتھ دیگر اراکین بھی شامل ہوں گے۔

اہم خبریں سے مزید