• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ویمنز کرکٹ ورلڈکپ: سری لنکا میں میچز کو پاکستانی کھلاڑیوں نے فائدہ مند قرار دے دیا

پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے تمام میچز سری لنکا میں کھیلنے کو فائدہ مند قرار دے دیا۔ 

 آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ  30 ستمبر سے بھارت اور سری لنکا میں شروع ہو رہا ہے۔ میگا ایونٹ کے تمام میچز پاکستان ٹیم کولمبو میں کھیلے گی۔

پاکستان ویمن ٹیم کی اسپنر رامین شمیم نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میگا ایونٹس میں سفر زیادہ کرنا پڑتا ہے، اس مرتبہ ایسا نہیں ہو گا، ہمیں کہیں جانا نہیں پڑے گا، ایک جگہ رہیں گے، ورلڈ کپ کے دوران ہم سفر کی وجہ سے تھکاوٹ کا شکار نہیں ہوں گی۔ اس لیے ایک ہی جگہ میچز ہونے کا ہمیں فائدہ ہو گا۔

رامین شمیم کا کہنا تھا کہ سری لنکا کی کنڈیشنز ایسی ہیں کہ اسپنرز کے لیے فائدہ مند ہوتی ہے، اسپنر ہونے کے ناطے میری کوشش ہو گی کہ اچھی بولنگ کروں، اسکواڈ میں اچھی اسپنرز ہیں، کمبی نیشن بھی بہتر ہوگا۔

قومی ٹیم کی بیٹر شوال ذوالفقار نے کہا کہ ہمارے وارم اپ  میچز بھی وہیں ہیں جہاں ہم نے ورلڈ کپ کے تمام میچز کھیلنا ہیں، وارم اپ میچ سے ہمیں کنڈیشنز کا اندازہ ہو جائے گا،  ایک ہی گراؤنڈ میں تمام میچز کھیلنے سے ہمیں فائدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں کندھے کی انجری کا شکار رہی ہوں لیکن اب میں مکمل فٹ ہوں، میں پہلی مرتبہ ورلڈ کپ کھیل رہی ہوں۔ یہ ایک طرح کا میرا خواب پورا ہو رہا ہے ، کوشش ہو گی کہ میں ورلڈ کپ میں اچھے سے اچھا کھیلوں۔

کھیلوں کی خبریں سے مزید