• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، 120 عدالتیں بنانے کیلئے ایک ماہ کی مہلت

اسلام آباد (اے پی پی)سپریم کورٹ نے نئی احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق از خود نوٹس کیس پر سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی۔ عدالت عظمیٰ نے 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے وزارت قانون سے نیب رولز سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی ہے ۔ 

سپریم کورٹ نے وزارت قانون میں مستقل سیکرٹری تعینات کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے ۔ بدھ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کیس پر سماعت کی۔ 

سماعت کے دوران چیف جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ نیب رولز کے حوالے سے چیئرمین نیب سے رپورٹ مانگی تھی؟ جس پر نیب پراسیکوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نیب رولز وزارت قانون میں زیر التواء ہیں، البتہ عدالتی حکم پر مقدمات کے جلد فیصلے پر چیئرمین نیب کا جواب عدالت میں جمع کروا دیا ہے۔ 

دوران سماعت چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام پر کیا پیشرفت ہوئی؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نئی احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق اٹارنی جنرل کی وزیر اعظم سے اہم میٹنگز ہو رہی ہے،اس وقت ملک بھر میں قائم 24 احتساب عدالتیں مکمل طور پر فعال ہیں جبکہ نیب عدالتوں میں کوئی نشست خالی نہیں ہے۔ 

عدالت عظمی نے 120 نئی احتساب عدالتوں کے قیام سے متعلق ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دیتے ہوئے وزارت قانون سے نیب رولز سے متعلق رپورٹ طلب کر لی ہے،سپریم کورٹ نے وزارت قانون میں مستقل سیکرٹری تعینات کرنے کی ہدایت بھی کر دی ہے۔

تازہ ترین