• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مریم کا دروازہ توڑ کر صفدر کو گرفتار کرنے والے کون، سادہ لباس شخص کا تعلق کس سے، نیا تنازع متضاد دعوے

مریم کا دروازہ توڑ کر صفدر کو گرفتار کرنے والے کون


کراچی(ایجنسیاں‘ٹی وی رپورٹ)کراچی کے ہوٹل میں مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نوازکے کمرے کا دروازہ توڑکرصفدرکو گرفتار کرنے والے کون تھے ‘ہوٹل کی لابی میں گھومنے والے شخص کا تعلق کس سے تھا ؟اس حوالے سے متضاد دعوے سامنے آئے ہیں اورایک نیاتنازع کھڑاہوگیاہے ۔ 

مسلم لیگ (ن)کی نائب صدرمریم نواز نے کہا ہے کہ ایک خاتون کے کمرے میں دروازہ توڑ کر زبردستی گھس آنا جب وہ سو رہی ہو، کیا انتقام کی آگ واقعی اتنا اندھا کردیتی ہے کہ انسان اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے؟۔اپنے بیان میں مریم نواز نے کہا کہ کون سی ریاست اپنی ہی بیٹیوں کے ساتھ ایسا سلوک کرتی ہے؟ مافیا کون ہے؟ ریاست کے اوپر ریاست کیا ہوتی ہے؟ آج سب کے سامنے ہے ۔ 

اختلاف رائے پر کسی کو نانی نانی کہنے پر مریم نواز نے کہاکہ اسی سے اندازہ لگالیں کہ یہ لوگ کتنا گھبرائے ہوئے ہیں یہ، حکومت جاتی نظر آ رہی ہے اور صفحہ پلٹ گیا ہے۔ 

مریم کے بیان کے ردعمل میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ شہباز گل نے کہا ہے کہ اب تو سی سی ٹی وی فوٹیج آگئی ہے ‘آپ کا جھوٹ عیاں ہے‘ کہاں ٹوٹادروازہ ‘کس نے زورزبردستی کی ؟

فوٹیج میں صاف نظرآرہاہے کہ پولیس نے صفدر کو گرفتارکیا‘رینجرزاس سارے معاملے میں کہیں نظرنہیں آرہی‘دروازے کا لیچ پولیس کے جانے کے بعد توڑکر تصویر بنائی گئی جس میں مریم صفدرماہر ہیں۔

جھوٹ اتنابولیں جوثابت کرسکیں ‘ جھوٹی باجی جتنے مرضی صفحے پلٹ لیں، ہر صفحے پر لکھا ہے کہ مریم صفدر کیلبری کوئن اور جعلی ٹرسٹ ڈیڈ ایکسپرٹ ہیںدروازے پر زورلگانے والا ان کا اپنا گارڈشکور ہے ‘ن لیگ کے جھوٹوں سے محتاط رہیں ‘یہ اس کام کے ماہرہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہر صفحہ آپ کو آپ کی اصل شکل دکھائے گا، اب ویڈیو آگئی ہے، جھوٹ عیاں ہوگیا، دکھائیں کہاں ہے رینجرز؟ کہاں ٹوٹا دروازہ؟ کس نے کی زور زبردستی؟۔ 

شہباز گِل نے کہا کہ دروازے کا لاک پولیس کے جانے کے بعد توڑ کر تصویر کشی کی گئی، سارے معاملے میں رینجرز کہیں نظر نہیں آ رہی ، صرف پولیس گرفتار کر رہی ہے۔        

تازہ ترین