• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

IG کا اغوا، متضاد دعوے، واقعے کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں، شاہد خاقان

IG کا اغوا، متضاد دعوے، واقعے کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں، شاہد خاقان


اسلام آباد (نمائندہ جنگ / نیوز ایجنسیز) سندھ کے آئی جی کے مبینہ اغوأ سے متعلق حکومتی اہلکاروں اور اپوزیشن ارکان کے متضاد دعوے سامنے آگئے ہیں۔ 

سابق وزیراعظم اور پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ کیپٹن( ر) صفدر کیخلاف ایف آئی آر کے معاملے پر آئی جی سندھ مشتاق مہر کے گھر کا گھیراؤ کرنیوالے دونوں اداروں کو وزیراعظم نے حکم دیا جو انہی کے ماتحت ہیں، آئی جی اغوا کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں، گورنر سندھ کی قربانی سے کام نہیں چلے گا۔ 

مسلم لیگ(ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم نے بھارتی جاسوس کلبھوشن کو سپر این آر او دیا، وزیراعظم کا مسئلہ ن لیگ کے خلاف مقدمہ بنانا ہے، انہیں کٹہرے میں کھڑا کرنے تک احتجاج جاری رکھیں گے وہ کشمیرکا سودا بھی کرچکے جبکہ ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نےکہاکہ چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے پر وزیراعظم استعفیٰ دیں ۔ 

تفصیلات کےمطابق جمعرات کو مسلم لیگ(ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال اور ترجمان مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان ڈیمو کرٹیک موومنٹ کے سیکرٹری جنرل شاہد خاقان عباسی نے کہاہے کہ کیپٹن( ر) صفدر کیخلاف ایف آئی آر کے معاملے پر آئی جی سندھ مشتاق مہر کے گھر کا گھیراؤ کرنیوالے دونوں ادارے وفاق کے ماتحت ہیں،آئی جی اغوا کے ذمہ دار وزیراعظم ہیں ، وزیراعظم نے کلبھوشن کو سپر این آر او دیا۔ 

شاہد خاقان نے مزید کہا کہ کیپٹن صفدر کی گرفتاری بہت سے شک و شبہات پیدا کرتی ہے، حکومت چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کرنے میں مصروف ہے ،کیپٹن صفدر پر ایف آئی آر کے حقائق بھی آہستہ آہستہ سامنے آرہے ہیں، وفاق صوبے پر حملہ آور ہوا، ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ وزیراعظم وزیراعلیٰ سندھ سے رابطہ کرتے لیکن انہوں نے کوئی رابطہ نہیں کیا۔

آئی جی سندھ پر مقدمہ درج کرنے کیلئے دباؤ ڈالا گیا، دونوں ادارے وزیر اعظم کو رپورٹ کرتے ہیں، ذمہ داری وزیر اعظم کی ہے، کس نے دو اداروں کو ہدایات دیں، ہدایات صرف ملک کا وزیراعظم دے سکتاہے، گورنر سندھ کی قربانی سے کام نہیں چلے گا، معاملات سنگین ہیں، آئین کو توڑا گیا۔

صوبے کی آئینی اتھارٹی کو پامال کیا گیا لیکن آئی جی سندھ سارے واقعے کی خود ایف آئی آر درج کرانے سے قاصر ہیں انہیں چادر اور چار دیواری کا تحفظ پامال کرنے کیلئے استعمال کیا گیا، امید ہے کہ عدالتیں سارے معاملے پر از خود نوٹس لیں گی، گورنر سندھ کا اس سے کیا تعلق ہے، وزیراعظم کو جواب دینا ہو گا کہ اداروں کو کیوں استعمال کیا؟ 

احسن قبال نے کہاکہ پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ مہنگائی ہے لیکن عمران نیازی کیلئے سب سے بڑا مسئلہ ن لیگ کیخلاف مقدمات بنانا ہے،ہم اس وقت تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک اصل کردار عمران نیازی کو قانون کے کٹہرے میں نہ کھڑا کیا جائے۔ 

تازہ ترین