اسکردو(خبرایجنسی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ میں بھٹو کا نواسہ، بے نظیر کا بیٹا ہوں، یو ٹرن نہیں لیتا، کھلاڑی نہیں کہ وعدے سے پھر جائوں،اسلام آباد میں بیٹھے لوگ فیصلے کرتے ہیں، آپ کی بات نہیں سنتے ،پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے جنگ لڑ رہی ہے، آئندہ حکومت پیپلز پارٹی کی ہوگی،گلگت بلتستان میں بھی اسپتال بن سکتے ہیں، مفت علاج ہوسکتا ہے اور یہ کام میں کروں گا، ہمیں دور دراز علاقوں میں جامعات بنانی ہوںگی،تمام برطرف ملازمین کو فورا بحال کیا جائے، ظالم سلیکٹڈ حکومت نے کیا حال کردیا ہے،خیبرپختونخوا میں کیا تباہی ہوئی ، پنجاب میں بھی تباہی کردی ، صوبہ سندھ میں بھی وہ تباہی کرنا چاہتے ہیں جو دیگر صوبوں میں کی ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسکردو کے ضلع گانچھے میں ورکر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گانچھے بھٹو شہید نے ضلع بنایا تھا، ضیاء الحق نے گانچھے کا درجہ ختم کیا جس کے بعد بینظیر نے دوبارہ ضلع کا درجہ دیا،ہمیں گلگت بلتستان کے عوام کو حقوق دینا ہوں گے ، ہمیں گلگت بلتستان کو بچانا ہے۔