• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گرفتاریاں کیں تو جلوسوں کا رُخ جیلوں کی طرف ہوگا، مولانا فضل الرحمٰن

لاڑکانہ( بیورو رپورٹ ) پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ اگر پی ڈی ایم کے رہنمائوں کی گرفتاریاں کی گئیں تو ہمارے جلسے جلوسوں کا رخ جیلوں کی طرف کردیا جائے گا۔ حکمرانوں کے اوچھے اور شرمناک ہتھکنڈوں سے کچھ نہیں ہوسکتا ہم نے مارشل لائوں کا مقابلہ کیا ہے، وفاقی حکومت کے اقدامات کے باعث ہر افسر دبائو میں ہیں اور مجبوراً چھٹیوں پر جا رہے ہیں۔ وہ جمعرات کو لاڑکانہ میں میڈیا ٹاک کررہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شاہدرہ تھانے اور کراچی میں مقدمات اشتہاری اور مفرور ملزمان اور پی ٹی آئی کے کارکنوں کی مدعیت میں درج کئے گئے ۔حکومت سندھ نے ہر چند کے بالا حلقوں کی تحقیقات پر آمادگی کا اظہار کیا ہے لیکن یہ تحقیقات وہی کررہے ہیں جو خود کراچی واقعے میں ملوث ہیں۔

ہمیں ان کی تحقیقات پر تحفظات ہیں۔ ملک اور قوم کو ایک پیج پر آجانا چاہئیے کیونکہ پی ڈی ایم ان کے ہی حقوق کی جنگ لڑ رہی ہے۔ حکمرانوں نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا ہے۔ مہنگائی اور بے روزگاری عروج پر ہے۔ غریب آدمی دو وقت کی روٹی کے لئے بھی ترس گیا ہے۔نئی ترمیم کے تحت اگر کسی بھی شخص یا ادارے کو نیب سے استثنا دیا گیا تو نیب کو دوسرے لوگوں اور اداروں کی تحقیقات کا بھی حق نہیں ہے۔میڈیا پر قدغن لگائی جارہی ہے اور نامور صحافیوں کو حکومت کی ایما پر نکالا اور مالکان کو گرفتار کیا جارہا ہے۔

لاپتہ افراد کے ورثا در در بھٹکتے پھر رہے ہیں۔ ورثا پریشان ہیں لیکن ان کی کہیں شنوائی نہیں ہو رہی۔ کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کی گرفتاری کے جو بھونڈا طریقہ اختیار کیا گیا وہ انتہائی شرمناک ہے اور ہم اس کی مذمت کرتے ہیں۔آمرانہ ہتھکنڈوں سے غیر آئینی حکومت کو کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔

تازہ ترین