• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈاکوؤں کی فائرنگ، قوال شیر میاں داد بیٹے سمیت زخمی

معروف قوال شیر میاں داد فیصل آباد میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے بیٹے سمیت زخمی ہو گئے۔

شیر میاں داد شدید زخمی حالت میں فیصل آباد کے سول اسپتال میں زیرِ علاج ہیں۔

گزشتہ رات شیر میاں داد فیصل آباد میں قوالی کا پروگرام کرنے کے بعد واپس نکلے تو گٹ والا کے قریب موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے ان سے رقم چھیننے کے دوران ان پر فائرنگ کر دی۔

پولیس ذرائع کے مطابق معروف قوال شیر میاں داد گزشتہ رات گٹ والا کے علاقے میں ایک دربار پر قوالی کے پروگرام میں شرکت کے بعد واپس پاک پتن جانے کے لیے روانہ ہوئے تھے۔

گٹ والا کے قریب ہی ایک جگہ شیر میاُں گاڑی سے اترے تو 2 موٹر سائیکل سوار ڈاکوؤں نے اسلحے کے زور پر قوالی کے دوران اکٹھی ہونے والی رقم لوٹنے کی کوشش کی۔

اس دوران ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس سے شیر میاں داد سینے میں جبکہ ان کا بیٹا ہاتھ میں گولی لگنے سے زخمی ہو گئے۔

واردات کے بعد ڈاکو موقع سے فرار ہو گئے، شدید زخمی شیر میاں داد اور ان کے بیٹے کو گاڑی کے ڈرائیور نے سول اسپتال منتقل کیا جہاں شیر میاں داد کے جسم سے گولی نکالنے کے لیے ان کا آپریشن کیا گیا۔

دوسری جانب معروف قوال شیر میاں داد کے صاحبزادے عبید شیر میاں داد نے ’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ والد صاحب کی طبیعت اب قدرے بہتر ہے۔


انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کے نواحی گاؤں میں تقریب سے واپسی پر ڈاکوؤں نے ہمارا گھیراؤ کیا، والد صاحب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہو گئے۔

عبید شیر میاں داد کے مطابق ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کے بعد والد صاحب کی پسلی سے گولی نکال لی ہے جس کے بعد ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ والد صاحب کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ میں نے والد صاحب کو بچانے کی کوشش کی تو انہوں نے میرے دائیں ہاتھ پر بھی گولی مار دی جس سے میں بھی زخمی ہو گیا۔

تازہ ترین