• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی واقعہ، انکوائری رپورٹ پبلک ہونی چاہئے، ہم چھپانے نہیں دینگے، مریم نواز

کراچی واقعہ، انکوائری رپورٹ پبلک ہونی چاہئے، ہم چھپانے نہیں دینگے، مریم نواز 


لاہور(نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی واقعہ، انکوائری رپورٹ پبلک ہونی چاہئے، ہم چھپانے نہیں دینگے۔شہباز شریف کو کرپشن پر نہیں بلکہ بھائی کے ساتھ نہ لڑنے پر جیل میں رکھا گیا ہے۔

گواہی کیلئے بلایا گیا تو ضرور پیش ہونگی، بلوچستان، فاٹا کے طلباء کا حق چھین لیا گیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مال روڈ پر اپنے مطالبات کے حق میں دھرنا دینے والے طلبہ سے اظہار یکجہتی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ 

مریم نواز نے کہا کہ کراچی واقعہ جعلی حکومت پربھی حملہ ہے،جمہوری حکومت میں نوٹس حکومت یا عدلیہ کو لینا چاہیے کسی اورکو نہیں لینا چاہیے۔ انکوائری رپورٹ کو پبلک کیا جانا چاہیے کیونکہ ہم اسے چھپانے نہیں دیں گے۔ 

امریم نواز نے کہا کہ ڈی جی خان، بلوچستان ،راجن پور اور فاٹا کے طلبہ اپنے حق کے لئے سڑکوں پر ہیں ،یہ بچے 12دن سے سڑکوں پر رل رہے ہیں لیکن کسی کو ان سے پوچھنے کی توفیق نہیں ہوئی کہ آپ کا کیا مسئلہ ہے ۔35ہزار طلبہ کے لئے 600نشستیں ہیں لیکن وہ بھی ان سے چھین لی گئی ہیں جو انتہائی غلط بات ہے ۔ 

یہ کہا جاتاہے کہ پنجاب بڑا بھائی ہے لیکن میں تو کہتی ہوں بلوچستان بڑابھائی ہے ، ان نشستوں کیلئے کتناخرچہ آ جائیگا ؟۔ مطالبہ ہے کہ ان طلبہ کا کوٹہ اور سکالر شپس بحال کی جائیں۔ شہباز شریف نے ان طلبہ کو کوٹہ اور سکالر شپس دی تھیں لیکن ایسی کیا آفت آ گئی کہ آپ نے انہیں بند کردیا ہے ۔ 

انہوں نے کہا کہ میں کوئٹہ جلسے میں بھی اس پر بات کروں گی ۔مجھے سمجھ آتی ہے کہ آپ نااہل اور نالائق ہیں لیکن ان بچوں کا تعلق مسلم لیگ (ن) سے نہیں ہے ، آپ کو شرم آنی چاہیے جو ان کو ان کا حق نہیں دے رہے ،یہ پاکستان کا مستقبل ہیں جو سڑکوں پر در بدر ہیں۔ 

انہوں نے کہا کہ میں اس حکومت سے اپیل کر کے اس حکومت کو تسلیم کرنے کا حق نہیں دوں گی لیکن اگر کسی کے سینے میں دل ہے تو اسے چاہیے کہ یہاں کران طلبہ کامسئلہ سنے۔ ویسے مجھے امید نہیں ہے کہ اس حکومت کے ہوتے ہوئے طلبہ کامسئلہ حل ہوگا۔ 

انہوں نے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ نوازشریف پاکستان میں نہیں لیکن وہ ہر جگہ موجود ہیں، نواز شریف بیرون ملک ہوتے ہوئے بھی حکومت کے اعصاب پر سوار ہیں، نواز شریف اور شہباز شریف کے بغیر پنجاب اور پاکستان لاوارث ہے ،شہباز شریف کو کرپشن کرنے پر نہیں بلکہ بھائی کے ساتھ نہ لڑنے پر جیل میں رکھا گیا ہے ۔ 

انہوں نے کہاکہ کراچی واقعہ میں سندھ حکومت ملوث نہیں، کراچی واقعہ روز روشن کی طرح عیاں ہے اور اس واقعہ کی تحقیقات کی بھی ضرورت نہیں۔ کراچی میں جو ہوا اس کا سب کو پتہ چل گیا ہے کہ اصل میں حکومت میں کون ہے۔ 

نوازشریف نے کہا تھا کہ عمران خان صرف مہرہ ہے اوریہ ہماراہدف نہیں،کراچی واقعہ کے بعد ڈمی نے سامنے نہ آ کراس کاعملی ثبوت دیدیا ہے ،عوام کو پتہ چل گیا ہے کہ حکومت کے اوپر حکومت کیاہوتی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ کے بعد مجھے بلاول بھٹو کا فون آیا تو وہ مجھ سے زیادہ غصے میں تھے اور انہوںنے کہا کہ میں اس پر شرمند ہوں ،مجھے وزیر اعلیٰ سندھ نے بھی فون کیا اور انہوںنے مجھے جو حیران کن تفصیلات بتائیں وہ میں یہاں نہیں بتا سکتی ۔جو بھی انکوائری ہو وہ عوام کے سامنے ہو، ہم انکوائری رپورٹ کاانتظار کریں گے اور اسے پبلک ہونا چاہیے ،ہم اسے چھپانے نہیں دیں گے۔

انہوں نے سینیٹ انتخابات سے قبل حکومت کے خاتمے کے سوال جواب میں یہ حکومت گھبراگئی ہے اور بنی گالہ میں چھپ کر بیٹھی ہے ، ان کے چہرے کی ہوائیاں اڑی ہوئی ہیں اورمجھے تو لگتا ہے کہ یہ جنوری سے بہت پہلے چلتے بنیں گے ۔ 

انہوں نے کراچی واقعہ میں بطور گواہ پیش ہونے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر مجھے بلایا گیا تو میں ضرور پیش ہوں گی لیکن اس کی ساری باتیں قوم کے سامنے آ چکی ہیں ،اس کی ویڈیوز اور سی سی ٹی وی فوٹیج موجود ہیں ۔ 

اگر کسی کے پاس وارنٹ گرفتاری تھا بھی تو وہ صفدر کی گرفتاری کا تھا وہ میری گرفتاری کا نہیں تھا، ایک خاتون کے کمرے پر دھاوا بولا گیا، ہمارا تودین بھی کہتا ہے کہ اگر جنگ میں مخالف کے مد مقابل ہو تو عورتوںاوربچوںکا پیچھا نہ کرو ۔ میں صرف مریم نواز نہیں بلکہ میں اس قوم کی بیٹی اوربہن ہوں۔

اگرمیرے ساتھ یہ سلوک ہو سکتا ہے تو دوسری بہنوں اوربیٹیوں کے ساتھ کس طرح کا سلوک کیا جا سکتا ہے ،ریاست تو اپنی بہنوں اوربیٹیوں کی حفاظت کرتی ہے ، اس ریاست میں کسی بہن اوربیٹی کی عزت محفوظ نہیں ۔ 

انہوں نے کہا کہ حکومت کے ترجمان اورمشینری اپنی خفت مٹانے کے لئے گھٹیا باتیں کر رہے ہیں ،آپ کے تو علم میں لائے بغیر یہ آپریشن کیا گیا ۔انہوںنے کہاکہ حکومت نواز شریف پر مقدمات بنا کر اپنا منہ کالا کر رہی ہے۔

تازہ ترین