• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپریم کورٹ، اقلیتی کمیشن سےایک ماہ میں عملدرآمد رپورٹ طلب

اسلام آباد (اے پی پی)سپریم کورٹ نے اقلیتوں کے حقوق سے متعلق از خود نوٹس کیس کی سماعت ایک ماہ کیلئے ملتوی کر دی ہے ۔ عدالت عظمی نے وفاقی حکومت،وزارت مذہبی امور اور وزارت تعلیم کو اقلیتی کمیشن سے تعاون کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے اقلیتی کمیشن سے آئندہ سماعت تک عملدرآمد رپورٹ طلب کر لی ہے۔ جمعہ کو چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کیس پر سماعت کی۔ دوران سماعت اقلیتی کمیشن کے چیئرمین شعیب سڈل نے عدالت کے رو برو پیش ہوکر موقف اپنایا کہ اقلیتی کمیشن کو وزارت مذہبی امور اور دیگر محکموں کے عدم تعاون کی وجہ سے مشکلات پیش آرہی ہیں، جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے کہ اقلیتی کمیشن کے ساتھ اداروں کو تعاون کرنا چاہیے اگر کوئی تعاون نہیں کررہا تو ہم بیٹھے ہیں۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ نیشنل کمیشن نے ایک ڈرافٹ تیار کیا ہے جس میں اقلیتوں کے حقوق سے متعلق تمام چیزیں شامل ہیں۔چیف جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے کہ آئین پاکستان اقلیتوں کے حقوق کو تحفظ دیتا ہے،اقلیتوں کی تعلیم،روزگار ، مذہبی اقدار اور حقوق کا برابری کی سطح پر تحفظ ان کا حق ہے۔

تازہ ترین