وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران کے لاپتہ ہونے کا نوٹس لے لیا۔
ترجمان سندھ حکومت مرتضی وہاب نے اپنے حالیہ ٹوئٹ میں بتایا کہ مراد علی شاہ نے علی عمران کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر آئی جی سندھ سے تفتیش سے متعلق گفتگو کی ہے۔
مرتضی وباب نے کہا کہ جیونیوز کے رپورٹر علی عمران کی بازیابی کے لیے تمام کوششیں کی جائیں گی۔
وزیراعلی سندھ نے آئی جی پولیس مشتاق مہر سے ٹیلی فونک رابطہ بھی کیا اور علی عمران کو فوری بازیاب کروائے جانے کے حوالے سے بات چیت کی۔
مراد علی شاہ نے آئی جی ہدایت کی کہ مجھے ہرگھنٹے علی عمران سے متعلق پیش رفت رپورٹ چاہیے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ صحافیوں کے خلاف اس قسم کی حرکتیں ناقابل برداشت ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے ایم ڈی جیو اظہر عباس کو بھی ٹیلی فون کیا اور کہا کہ آپ اطمینان رکھیں انشا اللہ ہم علی عمران کو بازیاب کرائیں گے۔
واضح رہے کہ کراچی میں جیو نیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید کو12 گھنٹے گزر جانے کے باوجود تاحال تلاش نہیں کیا جاسکا ہے، اہلخانہ کاکہنا ہے کہ علی عمران جمعہ کی شام گھر سے قریبی بیکری تک گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔
بھائی طالب رضوی کاکہنا ہے کہ جیونیوز کے سینئر رپورٹر علی عمران سید گزشتہ روز شام 7 سے 8 کے درمیان گھر سے نکلے تھے اور تب سے لاپتہ ہیں، وہ سچل کے علاقے میں واقع گھر سے قریبی بیکری گئے تھے مگر واپس نہیں آئے۔
مسز علی عمران سید کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر یہ کہہ کر باہر نکلے تھے کہ وہ آدھے گھنٹے میں لوٹ آئیں گے، موبائل فون گھر میں اور گاڑی گھر کے باہر کھڑی ہے۔
پولیس نے تصدیق کی ہے کہ واقعہ کی درخواست موصول ہوگئی ہے، جائے وقوعہ کا معائنہ اور جائے وقوعہ سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی۔