باڈی بلڈنگ کے چمپئن، ہالی ووڈ کی ایکشن فلموں کے ہیرو اور امریکی ریاست کیلیفورنیا کے سابق گورنر آرنلڈ شوارزنیگر کے دل کی ایک بار پھر کامیاب سرجری ہوئی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنی تصاویر کے ساتھ آرنلڈ شوارزنیگر نے اپنی سرجری اور طبیعت میں زبردست بہتری کی نوید سنائی۔
انہوں نے اپنے پیغام میں سب سے پہلے کامیاب آپریشن کرنے پر کلیولینڈ کلینک کے ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔
73 سالہ شوارزنیگر نے دل کے آپریشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اورٹک والو اور پلمونری وال تبدیل کردیے گئے ہیں، میں اب کافی حد تک بہتر محسوس کررہا ہوں۔
ہالی ووڈ کے ایکشن اسٹار نے اسپتال کے بیڈ پر لیٹے ہوئے اپنی تصویر کے ساتھ شہر کے مختلف مقامات پر نصب مجسموں کے ساتھ تصاویر بھی شیئر کیں اور یہ پیغام دیا کہ آپریشن کے بعد میں صحتیاب ہوچکا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ میں بہت بہتر محسوس کررہا ہوں، کلیولینڈ کی سڑکوں پر واک کی اور مختلف جگہوں پر گیا اور لطف اندوز ہوا۔
فلم نگری اور امریکی سیاست میں یکساں طور پر مقبول رہنے والے آرنلڈ شوارزنیگر کی اس سے قبل 2018ء میں اوپن ہارٹ سرجری ہوچکی ہے، جس میں پلمونری وال تبدیل کیے گئے تھے۔