وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن سے مشاورت پر آمادگی ظاہر کردی، لیکن وہ این آر او کسی کو نہیں دیں گے۔
شیخ رشید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جلسہ جلسہ کھیل رہی ہے، ڈر ہےکہیں کوئی بڑا سانحہ نہ ہو جائے، وقت آنے پر پیپلز پارٹی پی ڈی ایم کے غیر جمہوری فیصلے تسلیم نہیں کرے گی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر ریلوےشیخ رشید احمد نے کہا کہ اداروں سے تصادم کی سیاست کرنے والوں کی سیاست برباد ہو جائے گی، اقامہ ہولڈرز ہی قومی اداروں کے خلاف بات کر رہے ہیں، باقی ساری قوم فوج کے ساتھ ہے۔
شیخ رشید احمد نے خدشہ ظاہر کیا کہ اپوزیشن کے جلسہ جلسہ کھیلنے سے کہیں کوئی بڑا سانحہ نہ ہو جائے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بہتر سوچ سے آگے بڑھ رہی ہے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ حکومت نواز شریف کو پاکستان لانے میں کتنی کامیاب ہوتی ہے، یہ تووقت ہی بتائے گا، تاہم عمران خان کہیں نہیں جارہے، بلکہ دسمبر سے فروری کے دوران اپوزیشن کےخلاف جھاڑو پھرے گا، اپوزیشن وزیر اعظم کی مشاورت کی دعوت قبول کرے۔
شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مہنگائی سب سے بڑا مسئلہ ہے، جس پر آئندہ چار ہفتوں میں قابو پا لیا جائے گا۔