• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاک ڈاؤن کےخلاف مظاہرہ، بکنگھم پیلس کے سامنے سے 10افراد گرفتار

لندن (پی اے) پولیس نے گزشتہ روز لاک ڈائون کے خلاف مظاہرہ کرنے والے کم از کم 10 افراد کو بکنگھم پیلس کے سامنے سے گرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق لاک ڈائون کے خلاف مظاہرے کیلئے سینٹرل لندن میں بڑی تعداد میں مظاہرین جمع ہوئے۔ مظاہرین ہاتھوں میں بینرز اورپلے کارڈ اٹھائے ہوئے تھے، جس پر آزادی اور کووڈ۔19 کی پابندیاں ختم کرنے کے مطالبے پرمبنی نعرے درج تھے۔ جب مظاہرین کا ہجوم ٹرافلگر اسکوائر جانے کیلئے بکنگھم پیلس کے گیٹ کے سامنے واقع ملکہ وکٹوریہ کی یادگار کے سامنے جمع ہوا تو بڑی تعداد میں پولیس وہاں تعینات تھی، مظاہرین وبا کے حوالے سے نئے قوانین کا جبر ختم کرنے اور ویکسین کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ ٹرافلگر اسکوائر پر پولیس کم از کم 2 افراد کوہتھکڑیاں لگا کر ساتھ لے گئی۔ لیبر پارٹی کے سابق قائد جیرمی کوربن کے بھائی پیئرس کوربن بھی مظاہرے میں شریک تھے۔ میٹروپولیٹن پولیس نے کم از کم 10 افراد کوگرفتار کرنے کی تصدیق کی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مظاہرین نے کورونا کے خطرات کے حوالے سے حکومت کی شرائط اور سماجی فاصلے کی پابندی نہیں کی۔ ویسٹ منسٹر برج پر پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کی، جس پر وہاں کچھ گڑ بڑ دیکھنے میں آئی۔ قبل ازیں ہفتہ کو ٹرمپ سے اتحاد ختم کرو نامی تنظیم کے زیر اہتمام پارلیمنٹ اسکوائر پر مظاہرے میں کم وبیش 50 افراد شریک ہوئے، مظاہرین میں گائے اور ایک کلورینیڈ مرغی کا روپ دھارے مظاہرین بھی موجود تھے، بعد ازاں یہ مظاہرہ برطانیہ اور امریکہ کے درمیان مجوزہ تجارتی ڈیل کے خلاف مظاہرے میں تبدیل ہوگیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ برطانیہ اور امریکہ کے درمیان ہونے والی کوئی بھی ڈیل ایک خوفناک کہانی کی مانند ہوگی اور اس سے این ایچ ایس، برطانیہ کے فوڈ اسٹینڈرڈ اورجمہوریت کو خطرات لاحق ہوں گے۔ اختتام ہفتہ ان واقعات سے قبل پولیس نے عوام پر زور دیاتھا کہ وہ کووڈ۔19 کے قواعد کی پابندی کریں اور متنبہ کیا تھا کہ اگر انھوں نے کووڈ سے متعلق قواعد کی پابندی نہیں کی تو وہ کرمنل جرم کے مرتکب قرار پائیں گے۔ فورس کا کہنا تھا کہ وہ لوگوں کو پرزور مشورہ دیتے ہیں کہ وہ خود اپنے اور دوسروں کے تحفظ کی خاطر بڑے اجتماعات میں شریک نہ ہوں، میٹروپولیٹن پولیس کا کہنا ہے کہ اسے دارالحکومت میں لائسنس کے بغیر موسیقی کے ایونٹس کے انعقاد کی بھی شکایات ملی ہیں۔ فورس کا کہنا ہے کہ اس طرح کے ایونٹس غیر قانونی ہیں، انھیں بند کردیا جائے گا اور ان کے آرگنائزرز کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ہفتہ کیلئے پولیس کے گولڈ کمانڈر ایڈ ایڈلکن نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکنے کیلئے قواعد پر عملدرآمد کرنا ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انھوں نے کہا کہ فورس لندن کے شہریوں کی صحت کودائو پر لگانے کی اجازت نہیں دے گی اورخلاف ورزی کرنے والے لوگوں اورگروپوں کے خلاف کارروائی کرے گی۔

تازہ ترین