• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی فائیو جی سے خطرہ، امریکا اور بلقان ریاستوں کے مابین معاہدہ

بیجنگ (این این آئی )فائیو جی انفرا اسٹرکچر پر چین کی بڑھتی اجارہ داری قابو میں لانے کے لیے امریکا نے بلقان کی تین ریاستوں سے سکیورٹی معاہدہ کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق شمالی مقدونیہ، کوسووو اور بلغاریہ نے تیز رفتار انٹرنیٹ کی سکیورٹی کے حوالے سے امریکا کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کر دیے ۔طے پانے والے معاہدے کے حوالے سے امریکی دفتر خارجہ نے بتایاکہ صاف نیٹ ورک معاہدے کا مقصد ڈیٹا کے تحفظ اور آزاد دنیا کو انسانی حقوق اور سکیورٹی کے معاملے پر چین کی کمیونسٹ پارٹی جیسی مطلق العنان قوتوں سے لاحق خطرات کا خاتمہ کرنا ہے۔بلغاریہ کے دارالحکومت صوفیہ سے امریکی سفارت خانے نے ایک ٹوئیٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے مابین معاہدے کو تاریخی قرار دیتے ہوئے لکھاکہ بلغاریہ ایسے ممالک اور کمپنیوں کے تیزی سے پھیلتے ہوئے اتحاد میں شامل ہو رہا ہے، جو فائیو جی کو ناقابل اعتماد کمپنیوں سے محفوظ رکھنے کے لیے پر عزم ہیں۔بلغاریہ کے وزیر اعظم بائیکو بوریسوف نے امریکا اور اپنا اہم اتحادی اور اسٹریٹیجک پارٹنر قرار دیتے ہوئے بتایا کہ ان کے ملک نے فائیو جی اور جوہری توانائی کے بارے میں امریکا کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔بوریسوف کا یہ بھی کہنا تھا کہ فائیو جی نیٹ ورک کے بارے میں یورپی یونین کے رہنما اصول بھی موجود ہیں جن کے تحت نیٹ ورک کی سکیورٹی اور شفافیت یقینی بنائی جانا لازم ہے۔شمالی مقدونیہ کے وزیر اعظم زوران ژائیف نے بھی امریکا کے ساتھ کیے گئے اس معاہدے کو سکیورٹی کے حوالے سے اہم قرار دیا۔امور خارجہ کے یورپی کمشنر اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے ان مذاکرات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے ایک مشترکہ بیان بھی جاری کیا بیان کے مطابق امریکی اور یورپی ماہرین چین سے متعلق متنوع امور پر گفتگو کریں گے جن میں سکیورٹی اور انسانی حقوق کے معاملات بھی شامل ہیں۔
تازہ ترین