• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آٹےکی مہنگے داموں فروخت، چیف سیکرٹری کی سخت کارروائی کی ہدایت

لاہور (جنرل رپورٹر )سپیشل برانچ کی رپورٹ پر چیف سیکرٹری پنجاب نے آٹے کی مقررہ نرخوں سے زائد پر فروخت کا نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کولاہور، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں گرانفروشی میں ملوث پائے جانیوالے دکانداروں اورڈیلروں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی ہدایت کر دی۔انہوں نے یہ ہدایت پرائس کنٹرول کے سلسلے میں روزانہ منعقد ہونے والے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دی۔ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ نے اجلاس میں مانیٹرنگ رپورٹ پیش کی جس میں لاہور، گوجرانوالہ اور حافظ آباد میں مقررہ قیمت سے زائد پرآٹا فروخت کرنے والوں کی نشاندہی کی گئی تھی۔چیف سیکرٹری نے افسران کوہدایت کی کہ نا جائز منافع خوروں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے، صارفین کو لوٹنے والے کسی رعائیت کے مستحق نہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت کے مطابق اشیاء ضروریہ بالخصوص آٹا اور چینی کی قیمتوں اور دستیابی کی مانیٹرنگ کی جارہی ہے اور اس سلسلے میں سپیشل برانچ، انٹیلیجنس بیورو اور اربن یونٹ کو نگرانی کی ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غلطیوں کی نشاندہی سے ہی اصلاح میں مددملتی ہے، فیلڈ افسران سہولت بازاروں میں اشیاء کے معیار، سپلائی، قیمتوں اور دیگر انتظامات کا ازسر نو جائزہ لیں اور انہیں بہتر سے بہتر بنائیں۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اپنے اضلاع میں پورے سال کیلئے اشیاء ضروریہ کی طلب اور رسد سے متعلق پیشگی فہرست مرتب کریں تاکہ کسی شے کی قلت کا سامنا نہ کرنا پڑے، سپلائی میں کمی قیمتوں میں اضافے کی بنیادی وجہ ہے۔ انہوں نے تمام اضلاع میں بڑے بازاروں کی لسٹ تیار کرنے سے متعلق بھی ہدایات جاری کیں۔
تازہ ترین