• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہائیکورٹ، بلدیاتی انتخابات کے طریقہ اور رولز کیخلاف درخواست مسترد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے بلدیاتی انتخابات کے طریقہ اور رولز کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست مسترد کردی ۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت دی ہے کہ آپ کو مسئلہ ہوتو نئی درخواست دائر کی جاسکتی ہے۔پیر کو سندھ ہائی کورٹ میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے طریقہ اور رولز کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست پر سماعت ہوئی۔ مسلم لیگ ن نے 2015 کے بلدیاتی انتخابات اور رولز کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا تھا۔ دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں لہا کہ بلدیاتی نمائندے اپنی مدت پوری کرچکے ہیں، اب نوٹیفکیشن کو کیسے کالعدم قرار دیا جاسکتا ہے، کافی عرصہ سے درخواست زیر سماعت ہے اور اب عدالت کا وقت ضیاع نہ کیا جائے۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ الیکشن اور رولز کے نوٹیفکیشن کو چیلنج کیا گیا ہے،بلدیاتی انتخابات کا شیڈیول پہلے اور رولز بعد میں جاری کیے گئے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ کیا پچھلا الیکشن ختم کردیں؟ کیسے ممکن ہے؟۔ دوران سماعت لا آفیسر الیکشن کمیشن عبداللہ ہنجرا نے موقف اختیار کیا کہ انتخابات کا شیڈول جاری ہونے سے پہلے رولز بنائے گئے تھے، جن رولز کے مطابق 2015 میں انتخابات کرائے گئے انہی کے مطابق نئے انتخابات بھی ہوں گے۔ عدالت نے درخواست گزار کے وکیل کو ہدایت کی کہ آپ کو مسئلہ ہوتو نئی درخواست دائر کی جاسکتی ہے۔ بعد ازاں عدالت نے سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے طریقہ اور رولز کے خلاف مسلم لیگ ن کی درخواست مسترد کردی ۔

تازہ ترین