• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برسلز میں آج بھارتی سفارتخانہ کے سامنے مظاہرہ ہوگا، عالمی برادری کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کروائے، علی رضا سید

برسلز(حافظ انیب راشد ) بلجیم کے دارالحکومت برسلز میں آج 27 اکتوبر کو کشمیرپر بھارتی قبضے کے دن کے (یوم سیاہ) کے موقع پر بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جارہا ہے۔ مظاہرہ کا اہتمام کشمیرکونسل ای یو کررہی ہے، میں بڑی تعداد میں کشمیریوں، پاکستانیوں اور انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔ مظاہرہ دن دو بجے شروع ہوگا۔ واضح رہے کہ بھارتی افواج نے27 اکتوبر 1947 کو جموں و کشمیر کے ایک بڑے حصے پر ناجائز قبضہ کرلیا تھا جسے آج مقبوضہ کشمیر کہاجاتا ہے۔ یورپی ہیڈکوارٹرز برسلز میں اس بار 27 اکتوبر کا احتجاجی مظاہرہ ایسے وقت ہورہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں مسلسل ایک سال اڑھائی ماہ سے زائد مدت سے ملٹری لاک ڈاؤن ہے، جس سے وہاں کے لوگوں کو انتہائی سخت مشکلات درپیش ہیں۔ کشمیرکونسل ای یو کے چیئرمین علی رضاسید نے اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ بھارت پر دباؤ ڈالے تا کہ وہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن ختم کرے، کشمیریوں پر مظالم بندکرے، نیز کشمیرپر اپنا غیرقانونی قبضہ ختم کرکے کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے اپنے وعدوں پر عمل پیرا ہو۔ انھوں نے کہاکہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم بھارت کے کشمیریوں کے خلاف اس جارحانہ و ظالمانہ رویئے پر خاموش ہیں۔ علی رضا سید نے کہا کہ خاص طور پر اقوام متحدہ جس کا آج چوبیس اکتوبر کو یوم تاسیس ہے، کو چاہیے کہ کم از کم کشمیر پر اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرواکر جموں و کشمیر میں آزادانہ رائے شماری کروائے تاکہ کشمیر کے لوگ اپنے مرضی کے مطابق اپنے خطے کے سیاسی مستقبل کا فیصلہ کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم بھارتی حکومت کو یہ پیغام دیناچاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیرقانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا آزادماحول میں فیصلہ کرناچاہتی ہے۔ 

تازہ ترین