وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے پشاور میں آج صبح مدرسہ و مسجد میں ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے شہداء کے ورثاء اور زخمیوں کے لیے امداد کا اعلان کر دیا۔
وزیرِ اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے دھماکے کے شہداء کے ورثنا کو پانچ، پانچ لاکھ روپے جبکہ زخمیوں کے لیے دو، دو لاکھ روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔
واضح رہے کہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں کوہاٹ روڈ پر واقع مسجد و مدرسے میں آج صبح دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 8 افراد شہید جبکہ 112 زخمی ہو گئے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال (ایل آر ایچ ) کے ترجمان کے مطابق جاں بحق افراد کی شناخت کے بعد میتیں ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
ترجمان لیڈی ریڈنگ اسپتال نے بتایا کہ اسپتال میں آنے والے 40 سے زائد معمولی زخمیوں کو علاج کے بعد فارغ کر دیا گیا ہے، جبکہ زیادہ تر زخمیوں کو برن یونٹ اور ای این ٹی وارڈز میں شفٹ کیا گیا ہے۔
لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے دیر کالونی دھماکے کے 96 زخمیوں کی فہرست بھی جاری کر دی ہے۔
خیبر ٹیچنگ اسپتال حکام کے مطابق دھماکے کے 4 زخمیوں کو خیبر ٹیچنگ اسپتال سے بھی فارغ کر دیا گیا ہے۔
دوسری جانب پشاور میں آج صبح بم دھماکے کا نشانہ بننے والی مسجد میں نمازِ ظہر ادا کر دی گئی، نماز کی ادائیگی سے قبل مسجد کو دھویا گیا اور اس کی صفائی کی گئی۔