• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم آئندہ برس افریقن سفاری کیلئے تیار، بورڈ نے تصدیق کردی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نےتصدیق کی ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم آئندہ سال اپریل میں جنوبی افریقا کا دورہ کرے گی۔ افریقن سفاری میں زمبابوے کا دورہ بھی شامل ہوگا۔قبل ازیں جنوری میں جنوبی افریقا کی ٹیم ٹیسٹ سیریز کھیلنے پاکستان آئے گی۔2007کے بعد جنوبی افریقا کی کوئی ٹیم پہلی بار پاکستان کا دورہ کرے گی۔ پاکستان ٹیم جنوبی افریقا میں تین ون ڈے اور تین ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے گی ۔ تینوں ایک روزہ انٹرنیشنل میچز آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈسپر لیگ کا حصہ ہوں گے۔ یہ ٹور ابتدائی طور پر رواں سال ستمبر/اکتوبر میں شیڈول تھا، جسے جنوبی افریقامیں کوویڈ19 کے پھیلاؤ کی وجہ سے ملتوی کردیا گیا تھا۔ قومی ٹیم پاکستان سپر لیگ سکس کے بعد جنوبی افریقا اور پھر زمبابوے جائے گی۔ پاکستان نے فیوچر ٹور پروگرام میں شامل دورہ زمبابوے پر بھی آمادگی ظاہر کردی ہے۔ 2 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچوں پر مشتمل دورے کی حتمی تاریخوں کا اعلان مناسب وقت پر کردیا جائے گا۔ کرکٹ ساؤتھ افریقا نے سیکیورٹی وفد پاکستان بھیجنے کا اعلان کردیا ہے اس ہفتے کے آخر میں سیکیورٹی وفد پاکستان کا دورہ کرے گا اور کراچی میں پی ایس ایل کے میچ دیکھیں گے۔ دورے کی رپورٹ کی بنیاد پر جنوری میں دورے پر فیصلہ کیا جائے گا۔ جنوبی افریقا ہوم گرائونڈ پر پاکستان کے علاوہ سری لنکا، انگلینڈ اور آسٹریلیاکی ٹیموں کی میزبانی کرے گا۔

تازہ ترین