• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشتگردوں کے ہر ہدف کو ناکام بنانا ممکن نہیں، دفاعی تجزیہ کار


کراچی( ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام آپس کی بات میں گفتگو کرتے ہوئے دفاعی تجزیہ کار میجرجنرل(ر)اعجاز اعوان نے کہا کہ ہر حکومت میں دہشتگردی کے واقعات ہوتے رہے ہیں یہ کہنا درست نہیں کہ حکومت کی غفلت کی وجہ سے حادثات رونما ہورہے ہیں ۔

دہشتگردوں کے ہر ہدف کوناکام بنانا ممکن نہیں لیکن ہمیں دوبارہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے پر توجہ دینا ہوگی ۔پی ٹی آئی کی رہنما عندلیب عباس نے کہا کہ اداروں کیخلاف عوام کو اکسانے کی کوشش کی جارہی ہے، مسلم لیگ ن کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ عمران کو غدار کہا نہ کہیں گے ۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے اعجاز اعوان نے کہا کہ ملک کے اندر اور باہر بیٹھے دشمن پاکستان کو دوبارہ نقصان پہچانے کیلئے متحرک ہوچکے ہیں ، دہشتگردوں نے کوڈ رکھے ہوتے ہیں ہم ڈیٹا کی مدد سے ہدف تک پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں دہشتگرد آخری اوقات میں بھی ہدف تبدیل کرسکتے ہیں ۔

پولیسنگ کی مدد سے معلوم کرنا پڑے گا کہ دہشتگرد کہاں سے آرہے ہیں اورانہیں کیسے روکا جاسکتا ہے ۔نوازشریف لوگوں کو بغاوت کیلئے اکسارہے ہیں ۔ساڑھے چھ لاکھ افواج کے سربراہ کو ٹارگٹ کرنا لوگوں کو اکسانے کے مترادف ہے ۔ماضی میں عمران خان نے پولیس کے سپاہیوں کو افسران کا حکم ماننے سے منع کیا تھا وہ بھی غلط طریقہ تھا ۔

اداروں کو سیاستدانوں کے درمیان گفتگو ضرور ہونا چاہئے لیکن اگر ماحول پیدا نہیں ہوگا تو بات کیسے ہوگی ۔ تحریک انصاف کی رہنما عندلیب عباس کا کہنا تھا کہ اجیت دوول کہہ چکے ہیں کہ پاکستان کو اندر سے کمزور کریں گے ۔ پی ڈی ایم اور بھارت کا بیانیہ ایک ہے ۔

اداروں کیخلاف عوام کو اکسانے کی کوشش کی جارہی ہے ۔نوازشریف فوج میں فساد برپا کرانا چاہتے ہیں وہ لندن میں بیٹھ کر پاکستان کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔وزیراعظم کبھی کرپشن پر سمجھوتا نہیں کریں گے ۔راناثنااللہ ،شاہد خاقان اورایاز صادق کہہ چکے ہیں کہ تیسری قوت سے مذاکرات ہوں گے ۔

تین جلسیاں کرنے کے بعد اپوزیشن کو معلوم ہوگیا کہ عوام ان کے ساتھ نہیں ہیں۔اپوزیشن کے مقدمات ختم نہیں ہوں گے نون لیگ اداروں سے ڈیل چاہتے ہیں جبکہ ایک طرف وہ فوج میں تصاد م کے خواہش مند ہیں۔

تازہ ترین