ملتان (سٹاف رپورٹر) تحریک تحفظ خواجہ سراء آل پاکستان ایسوسی ایشن جنوبی پنجاب کے زیراہتمام فیصل آباد کے خواجہ سراؤں سے اظہاریکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرہ و ریلی چوک نواں شہر تا ملتان پریس کلب نکالی گئی۔ مطالبہ کیا گیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے عبرت ناک سزا نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار پورے پاکستان میں پھیلا دیا جائے گا۔ قیادت شاہانہ عباس شانی، میڈم ریشم، میڈم بلالی، میڈم بگی، سوبیا، مہانور، نیناں مکھنی، شونیہ، سارو، علینا، سحرش، پریت ودیگر نے کی۔ اس موقع پر شاہانہ عباس شانی نے احتجاجی ریلی میں شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 25اکتوبر کو فیصل آباد تھانہ بٹالہ کالونی کی حدود میں دن دیہاڑے خواجہ سراءکو اغوا کر کے تشدد کیا گیا اسکے سرکے بال کاٹ دئیے اور نقدی 4 تولہ زیور بھی چھین لیا گیا، خواجہ سراء پر ظلم کی انتہا کردی گئی، انہوں نے کہا کہ پولیس ملزمان کے ساتھ ساز باز کرکے بغیر کسی کارروائی کے خواجہ سراؤں کو گھربھیج دیا، انہوں نے کہا کہ ساتھیوں کے ساتھ انصاف نہ ہوا تو احتجاج کا دائرا پھیلا دیا جائے گا۔