ٹیکنالوجی کی کمپنی گوگل صارفین کی دل چسپی کے لیے نئے نئے فیچرز متعارف کرواتی رہتی ہے ۔حال ہی میں گوگل نے اپنی پرائیوٹ میسیجنگ سروس ہینگ آؤٹ ختم کرکے اور اس کے صارفین کو گوگل چیٹ پر منتقل کرنے کا اعلان کیا ہے ۔کمپنی کے مطابق 2021ء کے شروع کے چھ ماہ میں تمام صارفین کو ہینگ آئوٹ سے گوگل چیٹ پر منتقل کردیا جائےگا۔
اس منتقلی کو سہل بنانے کےلیے گوگل ہینگ آؤٹ استعمال کرنے والوں کے اکاؤنٹ ان کے کونٹیکٹس اور محفوظ ہسٹری کے ساتھ گوگل چیٹ پر منتقل ہوجائیں گے۔
گوگل کے مطابق یورپی یونین اور امریکا میں 2021 سے متعارف کروائے جانے والے قواعد و ضوابط پر عمل درآمد کےلیے ہینگ آؤٹ سے کال فون فیچرز کو ختم کرنا ضروری تھا۔ رواں ماہ ہینگ آؤٹ استعمال کرنے والوں کو کالنگ کریڈٹس کے ری فنڈز ملنا شروع ہوجائیں گے اور آئندہ برس تک اس سروس کو مکمل طور پر ختم کردیا جائے گا۔
گوگل نے اس میسجنگ ایپلی کیشن کو 2013 ء میں متعارف کروایا تھا ۔ جب کہ اس سے پہلے گوگل کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’گوگل پلس‘‘ بھی فیس بُک کے مقابلے میں ناکام ہوچکا تھا، جسے گزشتہ سال مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے ۔