اولڈھم (پ ر)پاسبان صحابہ برطانیہ کے چیئر مین محمد عمر توحیدی اور جمعیت علمائے اسلام برطانیہ کے امیر قاری سید حسین احمد مدنی نے پشاور دھماکے کے حوالے سے اپنے تعزیتی اور احتجاجی بیان میں کہا کہ یہ بہت دل دوز سانحہ اور انتہائی گھناؤنا فعل ہے جس کی کسی مسلمان سے توقع نہیں کی جاسکتی۔ حدیث رسول صلی اللہ علیہ وسلم پڑھنے والے معصوم طلبہ پر اس حملے نے اے پی ایس سانحے کے زخم ہرے کردئیے، یہ حملہ ملک میں بدامنی پھیلانے کی نئی کوشش ہے جسے آج کل کے عالمی حالات اور ڈاکٹر عادل خان کی شہادت کے تناظر میں دیکھنے کی ضرورت ہے، ایک مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا کہ یہ دھماکہ اس بات کا غماز ہے کہ دہشت گرد عصری تعلیمی اداروں اور دینی مدارس کے یکساں دشمن ہیں۔دونوں رہنماؤں نے مزید کہا کہ حکومت عوام کی جان و مال کے تحفظ میں ناکام ہو گئی۔