• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

افغانستان کیلئے درآمدی مال پر جرمانے کا معاملہ خوش اسلوبی سے حل کیا جائے، ای سی سی کی ہدایت

اسلام آباد ( نمائندہ جنگ) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کورونا وائرس کے عرصہ میں افغان ٹرانزٹ ٹریڈ اور افغانستان کیلئے درآمدی مال پرجرمانے کے خاتمہ کے معاملہ کو خوش اسلوبی سے حل کرنے کی ہدایت کی ہے،جبکہ ادارہ جاتی اصلاحات کیلئے ذیلی کمیٹی قائم،ساحلی علاقوں کے سروے کے ضمن میں وزارت دفاع کیلئے 10 کروڑ 94 لاکھ کی گرانٹ منظور دی گئی،ای سی سی نے ایران کے ساتھ 104 میگاواٹ بجلی کی فراہمی کے معاہدہ کی تجدید کی منظوری بھی دی تاہم وزارت قانون کے جائزے سے اس کو مشروط کر دیا گیا ہے۔ وزارت قانون سے منظوری کی صورت میں یہ معاہدہ 31 دسمبر 2021 تک نافذ العمل رہے گا۔ اجلاس میں ٹیلی کام سیکٹر کو بعض ٹیکسوں میں چھوٹ کے ذریعے سہولیات کا جائزہ لینے کیلئے ذیلی کمیٹی کا قیام عمل میں لایا گیا۔ای سی سی کا اجلاس مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں ساحلی علاقوں میں سروے کے ضمن میں وزارت دفاع کیلئے 10 کروڑ 94 لاکھ 70 ہزار روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی ۔ یہ رقم وزارت میری ٹائم افیئرز نے سرنڈر کی ہے۔پاکستان آرمی نے سروے میں معاونت کی پیشکش کی تھی۔ اجلاس میں وزارت میری ٹائم افیئرز کی جانب سے افغان ٹرانزٹ کارگو اور افغانستان کیلئے جانے والے کنٹینرز کیلئے ڈیمرج ختم کرنے کی سمری پیش کی گئی۔

تازہ ترین