• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرخلیل الرحمان فاؤنڈیشن کے تحت پولیو مہم جاری

کراچی (جنگ نیوز)پولیو کی خصوصی مہم ”میر خلیل الرحمان فاؤنڈیشن (MKR)“ کے تعاون سے یکم نومبر تک ملک بھر میں جاری رہے گی۔ اس مہم کے ذریعے ملک بھر کے 128 اضلاع میں 30 ملین سے زائد بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔یاد رہے کہ ”پولیو“ ایسا موذی مرض ہے جس سے پانچ سال تک کی عمر کے بچے متاثر ہوتے ہیں۔اس بیماری سے بچے عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں حتیٰ کہ بچوں کی موت بھی واقع ہو جاتی ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو قطرے پلوا کر نا صرف اس موذی وائرس کو پھیلنے سے بچایا جاسکتا ہے بلکہ اِس مرض سے چھٹکارا بھی ممکن ہے۔ قومی ایمرجنسی آپریشنز سینٹر کے کوآرڈینیٹر ڈاکٹر رانا صفدر نے اپنے بیان میں ایک بار پھر یہ بات زور دے کر کہی ہے کہ ”جب تک ہم پاکستان سے پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں کردیتے اس وقت تک بچوں پر معذوری کا خطرہ منڈلاتا رہے گا۔ مشکلات کے باوجود ہمارے فرنٹ لائن ورکرز اصل ہیروز ہیں“۔ ڈاکٹر صفدر نے مزید کہا کہ ”دنیا کی نظریں پاکستان پر ہیں اور حکومتِ پاکستان ملک سے پولیو کے خاتمے کیلئے بھرپور کوششیں کررہی ہے۔ اب والدین اور تمام مکتبہ فکر کا قومی فریضہ بنتا ہے کہ وہ گھر گھر جانے والے پولیو ورکرز کو خوش آمدید کہیں اور اپنے بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلوائیں تاکہ ہمیشہ کیلئے اس موذی مرض سے چھٹکارا حاصل کیا جاسکے“۔

تازہ ترین