اسلام آباد (کامرس رپورٹر) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی اور خصوصی اقدامات اسد عمر نے اسلام آباد میں شاہ اللہ دتہ روڈ دریک موہری میرا سمبل جعفری یوسی39اور چشتیاں آباد روڈ یوسی46بڈھانہ کلاں کی سڑکوں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ دونوں سڑکوں کی تعمیر کیلئے 8کروڑ اسی لاکھ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ این اے 54کے دیہی علاقے میں موجودہ مالی سال میں 85کروڑ روپے لاگت سے بنیادی انفرا سٹرکچر کے منصوبے شروع کئے جا رہے ہیں جن کا مقصد دیہی علاقوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کرنا ہے۔ دیہی علاقے کا ایک اور بڑا منصوبہ شمس کالونی روڈ ہے جہاں آبادی بڑھنے کے باوجود کوئی مین روڈ موجود ہی نہیں اور نہ ہی گزشتہ حکومتوں نے اس پر کبھی کوئی کام کرنے کا سوچا۔