وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود کا اکاؤنٹ ٹوئٹر نے ویریفائی کردیا، صارف نے اسی خوشی میں ایک ہفتے چھٹی بطور ٹریٹ مانگ لی۔
ہوا کچھ یوں کہ سوشل میڈیا سائٹ ٹوئٹر پر وفاقی وزیر نے اپنے ایک ٹوئٹ میں اپنے واحد اکاؤنٹ اور باقی تمام جعلی اکاؤنٹس کو رد کرنے کیلئے ایک ٹوئٹ کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ’آخر کار ٹوئٹر نے میرے اکاؤنٹ کی تصدیق کردی، بہت سے لوگ میرے نام کےجعلی اکاؤنٹس بنا کر غلط خبریں پھیلا رہے تھے۔
وفاقی وزیر نے لکھا کہ ’اب اُن تمام لوگوں کی غلط فہمی دور ہوجائے گی اور پتہ چل جائے گا کہ کونسا اکاؤنٹ آفیشل ہے۔‘
شفقت محمود کے اس ٹوئٹ پر وقاص نامی ایک صارف جو غالباً طالب علم ہوگا، نے ردعمل دیتے ہوئے ازراہِ مذاق کہا کہ مبارک ہو سر اب تمام طلبہ کو اسی خوشی میں ایک ہفتے کی چھٹی بطور ٹریٹ ہی دے دیں۔
وفاقی وزیر کو وقاص کا یہ کمنٹ خوب بھایا اور وہ بھی ردعمل دئیے بغیر نہ رہ سکے۔ صارف کے اس مزاحیہ جواب میں انہوں نے ہنسنے والی ایک ایموجیز کا اضافہ کیا۔