• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میٹنگ میں یہ بات نہیں ہوئی جو ایاز صادق کہہ رہے ہیں، ولید اقبال


کراچی (ٹی وی رپورٹ) چیئرمین ڈیفنس کمیٹی سینیٹ ولید اقبال نے کہا ہے کہ میٹنگ میں یہ بات نہیں ہوئی جو ایاز صادق کہہ رہے ہیں، ایاز صادق کو اپنی باتوں پر معافی مانگنی چاہئے، مزار قائد کی بے حرمتی پر ن لیگ کی طرف سے سینیٹ میں معافی نہیں مانگی گئی،ہر پاکستانی لیڈر گستاخانہ خاکوں کی مذمت کرتا ہے، میکرون دائیں بازو کے ووٹ حاصل کرنے کیلئے اسلاموفوبیا پھیلارہے ہیں۔

 وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں ن لیگ کے رہنما محسن شاہنواز رانجھا اور رکن برطانوی پارلیمنٹ ڈاکٹر افضل خان بھی شریک تھے۔

محسن شاہنواز رانجھا نے کہا کہگستاخانہ خاکوں پر پاکستان کو فرانس میں اپنا قائم مقام سفیر واپس بلالینا چاہئے،ان کیمرا میٹنگ کی باتیں باہر نہیں ہونی چاہئیں،ان کیمرہ باتیں باہر کرنے کا جو لائسنس شیخ رشید کو ملا ہوا ہے وہ منسوخ ہونا چاہئے، نواز شریف اور مولانا فضل الرحمٰن کا صفحہ، لائن اور لفظ ایک ہیں۔

ڈاکٹر افضل خان نے کہا کہ نواز شریف طبی بنیادوں پر ویزا لے کر گئے ہیں، ویزا یا میڈیکل ٹریٹمنٹ ختم ہوچکا ہے تو انہیں واپس آنا ہوگا، نواز شریف کی میڈیکل ٹریٹمنٹ ختم نہیں ہوئی تو انہیں برطانیہ رکنے کا حق ہے۔

چیئرمین ڈیفنس کمیٹی برائے سینیٹ ولید اقبال نے کہا کہ ایاز صادق نے ایسی باتیں کی ہیں جس پر انہیں معافی مانگنی چاہئے، مزار قائد کی بے حرمتی پر ن لیگ کی طرف سے سینیٹ میں معافی نہیں مانگی گئی،میٹنگ میں یہ بات نہیں ہوئی جو ایاز صادق کہہ رہے ہیں۔

تازہ ترین