• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میر شکیل الرحمٰن نے قوم تک ہمیشہ سچ اور حق پہنچایا ہے، مقررین


کراچی / لاہور / راولپنڈی / پشاور (اسٹاف رپورٹر / نمائندگان جنگ) ایڈیٹر انچیف جنگ و جیو میر شکیل الرحمٰن کی نیب کے ہاتھوں غیر قانونی اور غیر آئینی گرفتاری کو 230دن گزرچکے ہیں جس کیخلاف کراچی ، لاہور ، راولپنڈی ، پشاور سمیت کئی شہروں میں صحافیوں، سول سوسائٹی ، سیاسی رہنمائوں اور جنگ، جیو اوردی نیوز سے وابستہ صحافیوں اور کارکنوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے جمعرات کے روز بھی جاری رہے۔ مظاہرین نے میر شکیل الرحمٰن کی گرفتاری، آزادی صحافت پر پابندی اور صحافتی کارکنوں کے معاشی قتل عام کیخلاف شدید نعرےبھی لگائے۔ جنگ کو جینے دو‘ نیوز کو جینے دو‘ جیو کو جینے دو‘ ظلم کے ضابطے ہم نہیں مانتے‘ میر شکیل الرحمٰن کو رہا کرو کے نعرے بھی لگائے ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نےکہا کہ میر شکیل الرحمٰن کے خلاف سازش کی گئی ہے اور انہیں بغیر کسی ثبوت اور جرم کے پابند سلاسل رکھا جا رہا ہے۔ میر شکیل الرحمٰن کو بے گناہ گرفتار کر کے صحافت کی آزادی پر حملہ کیا گیا ہے اور جنگ اور جیو کو بند کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ لیکن سچ کے خلاف جتنے بھی جھوٹے پروپیگنڈے کر لئے جائیں جیت ہمیشہ سچ کی ہوتی ہے۔ میر شکیل الرحمٰن نے قوم تک ہمیشہ سچ اور حق پہنچایا ہے۔ جس کی وجہ سے اس نا اہل حکومت نے میر شکیل الرحمٰن کے خلاف سازش کر کے ان پر جھوٹا مقدمہ بنایا۔ دوسری جانب کراچی میں صحافی تنظیموں، جنگ جیو ایکشن کمیٹی کے زیراہتمام میرشکیل الرحمٰن رہائی احتجاجی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے سابق ایم این اے اور پاکستان مسلم لیگ ن ڈسٹرکٹ سائوتھ کے جنرل سیکرٹری شاہ جہان بلوچ نے کہاکہ پاکستان کی ترقی میں جنگ گروپ کا بڑا ہاتھ ہے، جنگ کو ٹارگٹ اس لئے کیا گیا ہے کہ یہ پاکستان کا سب سے بڑا میڈیا گروپ ہے اور عوام کو حق اورسچ سے آگاہ کررہا ہے، میرشکیل الرحمان کی گرفتاری موجودہ حکومت کے منہ پر سیاہ دھبہ ہے، مجھے یقین ہے کہ جنگ گروپ کے لوگ حکومت دبائو میں نہیں آئیں گےاور میر شکیل الرحمٰن جلد رہا ہوں گے۔ اس موقع پر سینئر صحافی، سیکرٹری جنرل ایپنک شکیل یامین کانگا، سینئر وائس چیئرمین کراچی ایپنک رانا محمد یوسف اور جنرل سیکرٹری دی نیوز ایمپلائز یونین سی بی اے دارا ظفر نے بھی خطاب کیا۔

تازہ ترین