• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پشاور، اسلامی جمعیت طلبہ کی گستاخانہ خاکوں کیخلاف احتجاجی ریلی

پشاور (لیڈی رپورٹر)فرانس میں خاتم النبین حضرت محمد ﷺکی شان میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت ،صدر میکرون کی اسلام کے خلاف ہرزہ سرائی اور پشاور کے مدرسہ میں بم دھماکہ کے خلاف اسلامی جمعیت طلبہ نے ہاسٹل اے بلاک سے خیبر میڈیکل کالج تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ریلی کی قیادت ناظم جمعیت جامعہ پشاور عماد نظامی کر رہے تھے۔ اس موقع پر طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے ناظم عماد نظامی نے کہا کہ فرانسیسی صدر میکرون کی نبیﷺکے بارے میں گستاخانہ اور توہین آمیز خاکے اور کارٹون شاہرہوں اور بڑی عمارات پر سر عام لگانا قابل مذمت ہے جن کا مقصد مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچانا ہے ۔ مغربی قوتوں کی جانب سے یہ عمل کوئی نیا نہیں بلکہ پہلے بھی ڈنمارک ، فرانس و دیگر یورپی ممالک میں مختلف پلیٹ فارمز میں اسلام اور پیغمبر اسلام ﷺ کے بارے میں توہین آمیز مواد اور خاکوں کی اشاعت ہوئی جن کا واحد مقصد اسلامی نظریات کو مٹانا، دینی روایات ،محبت رسولؐ اور قرآن سے مسلمانوں کا تعلق ختم کرنا ہے ۔ انھوں نے حکومت سے اپیل کی کہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کے لئے او آئی سی اور دوسرے پلیٹ فارمز پر موثر آواز اٹھائیں ۔انھوں نے مطالبہ کیا کہ فرانس سے سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں۔ جبکہ عوام اور تاجر فرانسیسی مصنوعات کا بائیکاٹ کریں ۔علاوہ ازیں دیر کالونی پشاور کے مدرسہ میں بم دھماکہ کی مذمت کرتے ہوئے ناظم عماد نظامی نے کہا کہ دہشت گردی کی حالیہ لہر ہمارے سکیورٹی اداروں کی ناکامی ہے جبکہ حکومت عوام کی جان ومال کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے۔
تازہ ترین