• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی: عید میلادالنبی ﷺ کا جلوس کورنگی سے شروع


کراچی سمیت ملک بھر میں عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جلسے اور جلوس نکالے جا رہے ہیں۔

کراچی کے علاقے کورنگی ڈیڑھ نمبر سے عید میلادالنبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس نکالا گیا ہے، جلوس جماعتِ اہلسنت کی جانب سے نکالا جا رہا ہے۔

شہرِ قائد کے علاقے جامع کلاتھ مارکیٹ اور اس کے اطراف کی گلیاں جلوس کے باعث کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ریڈیو پاکستان کے اطراف کی گلیاں بھی بند ہیں، رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہے۔

عیدمیلادالنبی ؐ کا مرکزی جلوس کراچی میں 3 بجے سہ پہر نیومیمن مسجد بولٹن مارکیٹ سے امیرجماعت اہلسنّت پاکستان کراچی علامہ سید شاہ عبدالحق قادری و دیگر علماء مشائخ و قائدین اہلسنّت کی قیادت میں برآمد ہوگا۔

علاوہ ازیں شہر کے مختلف علاقوں سے بھی چھوٹے بڑے جلوس برآمد ہوں گے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں۔ کراچی میں جلوس کے پیش نظر ٹریفک کا متبادل پلان جاری کردیا گیا ہے۔

دوسری جانب سرگودھا میں بھی شہر بھر سے چھوٹے اور بڑے جلوس کمپنی باغ چوک پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

 سرگودھا میں مرکزی جلوس جامع مسجد کمپنی باغ سے شروع اور اسی مقام پر اختتام پذیر ہوگا۔

واضح رہے کہ سرور کون و مکاں رحمت اللعالمینﷺ کی آمد کا جشن آج منایا جارہا ہے، اس سلسلے میں مساجد ،سرکاری عمارتوں، گلیوں اور محلوں کو خوبصورتی کے ساتھ سجایا گیا ہے۔

تازہ ترین