ایران میں انڈے اچانک سوشل میڈیا پر ’سلیبریٹی‘ بن گئے ہیں اور ایرانی انڈوں کے ساتھ اپنی تصاویر اور ویڈیوز شیئر کر رہے ہیں۔
ملک میں بنیادی اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتیں اور ایرانی ریال کی گرتی ہوئی قوتِ خرید کو اس انوکھے اور دلچسپ سوشل میڈیا ٹرینڈ کی وجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ایرانی روز مرہ خریداری کا حصہ سمجھے جانے والے انڈوں کو سوشل میڈیا پر کسی قیمتی چیز کی طرح پیش کر رہے ہیں۔
کئی افراد تو انڈوں کے ساتھ تصاویر بنا کر ان کی قیمتوں میں اضافے پر طنز اور مزاح کے ذریعے اپنے ردِعمل کا اظہار کر رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق صرف انڈے ہی نہیں، چاول، کھانا پکانے کے تیل، مرغی اور دیگر بنیادی اشیاء کی بڑھتی قیمتوں سے بھی ایرانی متاثر ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کے دوران ایران میں چاول اور انڈوں کی قیمتیں تقریباً تین گنا تک بڑھ چکی ہیں۔
رپورٹ کےمطابق امریکی پابندیوں، کرنسی کی قدر میں کمی، جنگی حالات اور طویل عرصے سےجاری مہنگائی نے ایرانی گھرانوں پر معاشی دباؤ مزید بڑھا دیا ہے۔