سرکارِ دو عالم خاتم النبین حضرت محمد ﷺ کا جشنِ ولادت آج انتہائی مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔
یومِ ولادتِ رسول ﷺ کے موقع پر علی الصباح پاک فوج کی جانب سے چاروں صوبائی دارالحکومتوں کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں 21، 21 جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی۔
12 ربیع الاوّل کے موقع پر ملک بھر میں رات بھر چراغاں کیا گیا، نعتیہ محافل میں حضورﷺ کی خدمت میں عقیدت کے پھول نچھاور کیئے گئے۔
مختلف مقامات پر ریلیاں نکالی گئیں جن میں شرکاء نے آقائے دو جہاں ﷺ کے حضور درود و سلام پیش کیا۔
شافعِ روزِ جزا، سرورِ کون و مکاں رحمت اللعالمین ﷺ کی آمد کا جشن آج منایا جا رہا ہے۔
ہر لب پر درود و سلام کی صدائیں ہیں، جگہ جگہ سیرت النبی ﷺ کی پُرنور محافل کا انعقاد کیا گیا، ملک بھر میں میلاد النبی ﷺ کی مناسبت سے ریلیاں نکالی گئیں۔
آقائے دوجہاں حضرت محمد ﷺ کا جشن ولادت ملک بھر میں مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں گزشتہ کئی روز سے شہر شہر قریہ قریہ برقی قمقموں سے جگمگا رہے ہیں، آج کے دن کی مناسبت سے ملک بھرمیں محافلِ میلاد کا انعقاد کیا جا رہا ہے، ہر لب پر درود و سلام کی صدائیں ہیں۔
کراچی، لاہور، راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں جلوس برآمد کیئے جائیں گے۔
اسلام آباد
عید میلاد النبی ﷺ کے سلسلے میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ایوانِ وزیرِ اعظم، ایوانِ صدر، پارلیمنٹ، سپریم کورٹ سمیت کئی سرکاری اور نجی عمارتوں کو رنگین لائٹوں سے سجایا گیا ہے۔
اسلام آباد میں 12 ربیع الاوِل کی مناسبت سے عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس گراؤنڈ جی 7 مرکز نزد رحمت کمیونٹی سینٹر سے 11 بجے شروع ہو گیا۔
اسلام آباد پولیس کے مطابق دورانِ جلوس ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کیلئے متبادل روٹ کا تعین کر دیا گیا ہے، جلوس کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔
کراچی
کراچی میں جشن میلاد النبی کی تیاریاں عروج پر ہیں، شہر میں مساجد اور دیگر عمارتوں کو لائٹوں سے سجایا گیا ہے، جشنِ میلاد کی گہما گہمی شہر کی ہر گلی اور ہر چوک پر نظر آرہی ہے۔
شہر میں جگہ جگہ جلوسوں کے استقبال کے لیے کیمپس لگائے گئے ہیں، صبح سویرے نمائش چورنگی پر نوجوان توہین آمیز خاکوں کے خلاف احتجاجاً فرانسیسی جھنڈے اور صدر کی تصویر سڑک پر لگاتے نظر آئے تاکہ لوگ ان پر سے گزر سکیں۔
کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کا جلوس کورنگی ڈیڑھ نمبر سے شروع ہو گیا، یہ جلوس جماعتِ اہلسنت کی جانب سے نکالا جا رہا ہے۔
کراچی میں عید میلاد النبی ﷺ کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں جامع کلاتھ مارکیٹ اوراس کے اطراف کی گلیاں کنٹینر لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔
ایم اے جناح روڈ پر ریڈیو پاکستان کے اطراف کی گلیاں بھی کنٹینر رکھ کر بند رکر دی گئی ہیں، جبکہ جگہ جگہ رینجرز اور پولیس کی نفری تعینات ہے۔
سندھ بھر میں 12 ربیع الاوّل کے موقع پر موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر ایک روز کیلئے پابندی نافذ کی گئی ہے جس کا نوٹی فکیشن گزشتہ روز جاری کیا گیا۔
لاہور
جشن عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر لاہور کینٹ، یادگارِ شہداء پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے دن کا آغاز 21 توپوں کی سلامی دے کر کیا۔
اس موقع پر فضا پاک فوج کے جوانوں کے پُرجوش نعروں، نعرۂ تکبیر اللّٰہ اکبر سے گونج اٹھی، تقریب میں پاک فوج کے اعلیٰ افسران نے بھی شرکت کی۔
لاہور میں پنجاب اسمبلی، واپڈا ہاؤس، ہائی کورٹ، جی پی او اور ٹاؤن ہال سمیت دیگر سرکاری عمارتوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے، شہر کی گلیوں، سڑکوں اور چوراہوں کو بھی رنگ برنگی لائٹوں سے سجایا گیا ہے۔
لاہور ریلوے اسٹیشن سے مرکزی میلاد کمیٹی کے زیرِ اہتمام عید میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس برآمد ہو گا۔
پشاور
پشاور میں آج 12 ربیع الاوّل کے دن عید میلاد النبی ﷺ مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منانے کا آغاز ہو گیا۔
عیدِ میلاد النبی ﷺ کے موقع پر پاک فوج کی جانب سے علی الصباح 21 توپوں کی سلامی دی گئی، مساجد میں ملکی سلامتی اور خوش حالی کے لیے دعائیں کی گئیں۔
گزشتہ شب پشاور میں جشنِ میلاد النبی ﷺکے سلسلے میں سرکاری اور نجی عمارتوں پر چراغاں کیا گیا، شہر کی گلی گلی، محلہ محلہ رنگا رنگ روشنیوں سےجمگاتے رہے۔
پشاور کے علاقے گلبہار میں میلاد ہاؤس سے آج صبح 11 بجے جلوس نکالا جائے گا جبکہ گلبرگ سے میلاد جلوس سہ پہر 4 بجے نکالا جائے گا۔
پشاور میں عیدِ میلاد النبی ﷺ کا مرکزی جلوس رات 8 بجے میلاد چوک سے نکالا جائے گا۔
پشاور پولیس کے مطابق شہر بھر میں محافل اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار پولیس اہلکار تعینات کیئے گئے ہیں۔
کوئٹہ
کوئٹہ میں بھی رسول ﷺ کی ولادت کی خوشی میں سرکاری اور نجی عمارتوں، گلیوں اور سڑکوں کو برقی قمقموں سے آراستہ کیا گیا ہے۔
12 ربیع الاوّل کے موقع پر کوئٹہ شہر میں سیکیورٹی کے پیشِ نظر موبائل فون سروس صبح 8 بجے سے رات 8 بجے تک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرگودھا
سرگودھا میں 12 ربیع الاوّل کے چھوٹے بڑے جلوس کمپنی باغ چوک پہنچنا شروع ہو گئے، مرکزی جلوس جامع مسجد کمپنی باغ سے شروع ہو کر اسی مقام پر اختتام پذیر ہو گا۔