• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بستی بستی، قریہ قریہ، محسن انسانیت ﷺ کی آمد کا جشن



بستی بستی، وادی وادی، قریہ قریہ، محسن انسانیت ﷺ کی آمد کا جشن منایاگیا۔  ملک بھر میں دانائے سبل، ختم الرسل اور مولائے کُل محمد مصطفیٰ ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا گیا۔ چھوٹے بڑے شہروں میں عید میلاد النبی کے جلوس نکالے گئے۔

عاشقانِ رسول ﷺ نے درود و سلام کے ذریعے اپنے نبی سے محبت کا اظہار کیا۔ شمع رسالت کے پروانے میلاد النبی کے جلوسوں میں شریک ہوئے اور مختلف انداز میں آقائے دو جہاں سے محبت و عقیدت کا اظہار کیا جاتا رہا۔

فضائیں درود سلام سے معطر ہوئیں، بچے، بوڑھے، جوان سبھی عشق نبی سے سرشار ہیں، نبی مہربان کے یوم ولادت پر شہر شہر، گلی گلی آقائے دو جہاں سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا گیا۔

کراچی سے لے کر خیبر اور گلگت سے گوادر تک جلوس اور ریلیاں نکالی گئیں، گلہائے عقیدت نچھاور کیے جاتے رہے، جس میں بچے بھی پیش پیش رہے۔

جشن میلاد النبی کی مناسبت سے عاشقان رسول کے لیے نذر نیاز کا بندوبست بھی کیا گیا، کہیں منوں وزنی کیک تیار کیے گئے، کہیں منہ میٹھا کرنے کے لیے میوہ جات اور مٹھائیوں کا اہتمام کیا گیا، کراچی میں آب زم زم کی سبیل لگائی گئی۔


عشق نبی میں عمارتوں کو دیدہ زیب روشنیوں سے سجایا گیا، شاہراہوں پر سبز پرچموں کی بہار نظر آئی، گنبد خضریٰ اور خانہ کعبہ کے خوبصورت ماڈل بھی دیکھنے والوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، درود و سلام اور نعتیہ کلام سے ملک بھر میں تمام دن مولائے کُل محمد مصطفیٰ ﷺ سے والہانہ محبت کا اظہار کیا جاتا رہا، گھروں میں بھی محافل میلاد سجائی گئیں۔

دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا۔

تازہ ترین