• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور،اوکاڑہ،حیدرآباد میں پولیس مقابلے،7ڈاکو ہلاک

Seven Dacoits Killed In Exchange Of Fire At Hyderabad Lahore Okara
ملک کے تین شہروں میں مبینہ پولیس مقابلوں میں سات ڈاکو ہلاک کر دیئے گئے،لاہور مقابلے میں دو،اوکاڑہ میں تین اور حیدرآباد میں دو ڈاکو ہلاک کردیئے گئے۔

لاہور میں سی آئی اے نواںکوٹ پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں دو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ مرنے والے ڈاکو قتل اور ڈکیتی کے 20 سے زائد مقدمات میں مطلوب تھے۔

پولیس کے مطابق انھیں اطلاع ملی تھی کہ دو ڈاکو طالب حسین اور صداقت علی دریائے راوی کے کنارے ویرانے میں چھپے ہوئے ہیں۔ سی آئی اے نوانکوٹ نے چھاپہ مارا تو ملزمان نے فائرنگ کر دی ۔ جوابی کارروائی میں دونوں ڈاکو مارے گئے۔

پولیس کے مطابق ڈاکو واردات کے دوران خواتین سے زیادتی بھی کرتے تھے۔ ڈاکو صداقت علی نے سندھ کے شہر حیدرآباد میں بھی واردات کے دوران ایک شخص کو قتل کیا تھا۔ پولیس نے لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیں۔

ادھراوکاڑہ کے نواح میں مبینہ پولیس مقابلے میں 3 ڈاکو ہلاک ہو گئے جبکہ ان کے پانچ ساتھی فرار ہو گئے۔

ڈی پی او اوکاڑہ کے مطابق قصبہ باغ کے علاقے میں 8 ڈاکو ناکہ لگا کر لوگوں کو لوٹ رہے تھے۔ پٹرولنگ کے دوران پولیس وہاں پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کا تبادلہ کچھ دیر جاری رہا۔

ڈی پی او اوکاڑہ کے مطابق تین ڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی گولیاں لگنےسے مارے گئے۔ پولیس نے ڈاکوؤں کی لاشوں کو قبضے میں لے کر ڈیڈ ہاؤس منتقل کر دیا۔

حیدرآباد میں مبینہ پولیس مقابلےکے دوران 2 ڈاکو ہلاک کردیے گئے ، ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا۔کارروائی حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 3 میں کی گئی ۔

ایس ایس پی حیدرآباد عرفان بلوچ کے مطابق پولیس پارٹی خفیہ اطلاع پر کارروائی کیلئے علاقے میں پہنچی تو ملزمان نے اندھادھند فائرنگ کردی ۔ جوابی کارروائی میں دو ڈاکو زمان پہنور اور برکت دائیو مارے گئے ۔

ہلاک ہونیوالےڈاکو شہر کے مختلف تھانوں کی پولیس کو لوٹ مار اور ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب تھے ۔ ہلاک ڈاکوؤں کے قبضے سے بھاری اسلحہ بھی برآمد ہوا ہے ۔ لاشوں کو پوسٹ ماٹم کیلئے سول اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
تازہ ترین