وزیراعظم عمران خان نے ترکی کے شہر ازمیر میں زلزلے سے جانی نقصان پر اظہارِ افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں ترک قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکی کی ہر طرح کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔
عمران خان نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیغام میں کہا کہ ازمیر زلزلے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ترک صدر اور عوام سے اظہار افسوس کرتا ہوں۔
انہوں نے لکھا کہ تُرک قوم کے ساتھ کھڑے ہیں، ترکی کی ہر طرح کی مدد کرنے کیلئے تیار ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ 2005 کےتباہ کن زلزلہ میں جس طرح ترکی ہمارے ساتھ کھڑا رہا ہم نہیں بھول سکتے۔
عمران خان نے ناصرف اپنےتصدیق شدہ اکاؤنٹ سے تُرک صدر سے اظہارِ ہمدردی کیا بلکہ عمران خان نے تُرکش زبان میں بنائے گئے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر بھی تُرک زبان میں ٹوئٹ کیا۔
خیال رہے کہ جمعے کے روز ترکی میں ایجین ساحل اور یونان کے شمالی جزیرے سیموس میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے جن کے باعث کم از کم 26 افراد ہلاک اور سینکڑوں زخمی ہوگئے ہیں۔
امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق ترکی کے مغربی صوبے ازمیر کے ساحل سے سترہ کلو میٹر دور یہ زلزلہ آیا جس کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7 ریکارڈ کی گئی ہے۔
ترک حکام نے زلزے کی شدت 6.6 بتائی ہے اور ترکی سے موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق ازمیر میں اب تک 26 افراد ہلاک جبکہ 800 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
زلزلے کے جھٹکے بلغاریہ، یونان، برطانیہ، مصر اور لیبیا میں بھی محسوس کیے گئے ہیں۔