• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان نے نریندر مودی کا بیان مسترد کردیا


پاکستان نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پلواما سے متعلق بیان مسترد کردیا اور مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنی سیاست خصوصاً ’الیکشن‘ میں پاکستان کو گھسیٹنا بند کردے۔

ترجمان دفترخارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ بھارتی وزیراعظم نے وفاقی وزیر کے قومی اسمبلی فلور پر دیے گئے بیان کو توڑ مروڑ کر پیش کیا۔

ترجمان نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر نے اسمبلی فلور پر پاک فوج کی طرف سے بھارت کو منہ توڑ جواب دینے کا حوالہ دیا تھا۔


دفترخارجہ نے یہ بھی کہا کہ حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی قیادت کا وتیرہ ہے کہ وہ اپنی کمزوریوں اور ناکامیوں کا الزام پاکستان پر لگاتی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھاکہ پاکستان مخالف پروپیگنڈا شروع سے بی جے پی کی انتخابی مہم کا حصہ رہا ہے، فروری 2019ء میں پلوامہ حملے کا براہ راست فائدہ اسی جماعت کو ہوا تھا۔

دفتر خارجہ نے کہا کہ پلوامہ حملے اور پاکستان مخالف انتخابی مہم کے بعد بی جے پی کو لوک سبھا میں کامیابی ملی۔

ترجمان نے مزید کہا کہ بھارت اب تک پلوامہ حملے میں پاکستان کے ملوث ہونے کا کوئی ثبوت پیش نہیں کرسکا ہے۔

یاد رہے کہ بھارت ریاست بہار میں انتخابی گہما گہمی عروج پر ہے، بی جے پی  کی قیادت ریاست بہار کے وزیراعلیٰ کے ساتھ مل کر انتخابی مہم چلارہی ہے۔

تازہ ترین