ماڈل ایان علی نے ای سی ایل سے نام نہ نکالے جانے پر سپریم کورٹ میں توہین عدالت کی درخواست جمع کرادی۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ پرویز مشرف کا نام نکالا جاسکتا ہے تو ان کا کیوں نہیں۔
ماڈل ایان علی کے وکیل سردار لطیف کھوسہ نے وزارت داخلہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کرائی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم کے باوجود ای سی ایل سے نام نہیں نکالا گیا۔
ہفتے کے روز سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے ایان علی کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی تھی۔ درخواست میں سیکریٹری داخلہ عارف خان، ایڈیشنل ڈائریکٹر ای سی ایل اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ایف آئی اے شاہد حیات کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ ہائی کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد نا کرکے انصاف کی راہ میں رکاوٹ ڈالی گئی، متعلقہ حکام کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے اور ای سی ایل سے نام نکالا جائے۔