• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلسطینی قیدی کی بگڑتی صحت پر یورپی یونین کا اظہار تشویش

برسلز( حافظ انیب راشد ) یورپین یونین نے جولائی سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہوئے فلسطینی مہر الاخرس کی بگڑتی ہوئی صحت کے متعلق تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ جنیوا کنونشن کے تحت قیدیوں کے انسانی حقوق کا بھی احترام کرے ۔ یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق یورپین یونین ایک فلسطینی قیدی مہر الاخرس جو کہ اپنی گرفتاری کا جواز مانگنے کیلئے جولائی سے بھوک ہڑتال کئے ہوئے ہیں، کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے۔ یورپین یونین کے مطابق اس سے قطع نظر کہ ان پر کیا الزامات ہیں، یورپین یونین اسرائیل کی جانب سے باقاعدہ الزام کے بغیر افراد کو حراست میں رکھنے کے وسیع استعمال کے بارے میں اپنے خدشات کا اعادہ کر تی ہے۔ یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے اعلامیے کے مطابق اس وقت لگ بھگ 350فلسطینی اسرائیل کی انتظامی حراست میں ہیں ۔ قیدیوں کا یہ حق ہے کہ انہیں کسی بھی نظر بندی سے متعلق الزامات سے آگاہ کیا جائے اور ان کا مقدمہ منصفانہ انداز میں چلے۔ اس حوالے سے یورپین یونین نے اسرائیل سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ چوتھے جنیوا کنونشن کی روشنی میں بین الاقوامی انسانی حقوق کے ساتھ ساتھ تمام قیدیوں کے بارے میں موجود حقوق کا احترام کرے اور مہر الاخرس کی صحت کے تحفظ کیلئے ہر ممکن کوشش کرے۔
تازہ ترین