• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فواد چوہدری کی جوش خطابت میں زبان لڑکھڑا گئی، غلام سرور


کراچی (ٹی وی رپورٹ)جیو کے پروگرام ”جرگہ“میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کرتے ہوئےوفاقی وزیرہوا بازی غلا م سرور خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ حکومت کے وزرا کا احتساب ہورہا ہے۔

فواد چوہدری کی جوش خطابت میں زبان لڑکھڑا گئی اوروہ پلوامہ کہہ گئے جسے ایک ایشوبنا دیاگیا اور اس ایشو پر ہندوستان شادیانے بجا رہا ہے جبکہ اس کاحقیقت کے ساتھ کوئی تعلق نہیں ہے اور نہ حقیقت میں ان کا یہ بیان تھا۔

اویس نورانی نے جو کچھ کہازبان کا لڑکھڑانا نہیں تھا۔میرا پی ڈی ایم سے سوال ہے کہ کون سے حالات تھے کہ مولانا نے گزشتہ سا ل اکتوبر میں بھی دھرنا دیااس دھرنے کی وجوہا ت کیا تھیں جبکہ مسئلہ کشمیرکو سلامتی کونسل میں وزیراعظم نے تقریر کرکے دوبارہ زندہ کیااس کو اجاگر کیا بہتر انداز سے اس پر بات ہوئی اور یہ پیغام پوری دنیا تک پہنچا۔

پاکستان میں بھی یہ ایشودب چکا تھاپاکستان میں بھی یہ ایشو دوبارہ زیر بحث آیاریلیاں ، جلسے، سیمینار ،کانفرنسز منعقد ہوئیں۔محمود خان،مولانا ، مریم نواز سارے لوگ کچھ نہ کچھ کہہ جاتے ہیں جس میں پاکستان کی سا لمیت ، پاکستان کے اداروں پرحملہ یہ چیزیں متاثر ہوتی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی لیڈر شپ کی حب الوطنی کے بارے میں مجھے اب شکوک و شبہات موجود ہیں۔جو کوئی بھی دو قومی نظریئے کی غلط تشریح کرے غلط مطلب لے یا غلط انداز میں سوچے یا غلط انداز میں اس کے خلاف بیان دے تو میں تو یقیناً سمجھوں گا کہ جو دو قومی نظریئے کی مخالفت کرتاہے وہ پاکستان کی مخالفت کرتا ہے۔

آج جو کچھ ہورہا ہے وہ ٹھیک نہیں ہورہا ہے آج اس ملک کی سیاسی قیادت جس طرح کے بیانات دے رہی ہے اس طرح کے بیانات ان کو ان حالات میں نہیں دینا چاہئیں۔جس نے جو کچھ کیا ہے اسے جوابدہ ہونا چاہئے اور اسے جوابدہ ہونا پڑے گااسے حساب دینا پڑے گا۔

میں نے فلور آف دی ہاؤس پر کھڑے ہوکر کہا ہے کہ نیب جو بھی ایکشن لینا چاہتی ہے ہم اسے خوش آمدید کہتے ہیں ہمارا احتساب کریں پوری کابینہ کا احتساب کریں لیکن جنہوں نے تین تین بار وزارت عظمیٰ لی ان کا اگر احتساب کریں تو یہ شور کیوں مچاتے ہیں۔

پاکستان میں یہ پہلی بار ہورہا ہے کہ حکومت کے وزرا کا احتساب ہورہا ہے انکوائریز ہورہی ہیں تفتیش ہورہی ہیں اسے وزارت سے اتار کر پابند سلاسل کردیا جاتا ہے۔

تازہ ترین