• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے، حاجی غلام بلور

پشاور ( نیوز ڈیسک ) عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق ممبر قومی اسمبلی حاجی غلام احمد بلور نے کہا ہے کہ نااہل حکمرانوں کی ناکام پالیسیوں کی بدولت ملک میں مہنگائی کا طوفان برپا ہے، غریب اور متوسط طبقے کے لوگ دو وقت کی روٹی کے لئے حیران و پریشان ہیں لیکن موجودہ حکمرانوں کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی۔ شاہین مسلم ٹاون توحید آباد پشاور سٹی میں پاکستان تحریک انصاف سے مستعفی ہوکر پنے خاندانوں اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت عوامی نیشنل پارٹی میں شمولیت اختیار کرنے والے اکبر خان جنرل کونسلر، اختر منیر، شاہد خان ، احمد اور زاہداللہ کی شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ صوبے میں اے این پی کی پچھلی حکومت میں دہشت گردی اور انتہاپسندی کی خراب صورتحال کے باوجود عوام کو ریلیف بھی مل رہا تھا اور صوبہ بھر میں ترقیاتی منصوبوں کے جال بھی بچھ رہے تھے لیکن نئے پاکستان میں نہ صرف عام عوام کے منہ سے نوالہ چھن لیا گیا ہے بلکہ پچھلی حکومتوں کے شروع کردہ منصوبوں کا بھی ستیاناس کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے این پی اس مٹی کی وارث ہے، ہمارے بچے ، جوان اور بوڑھے شہید ہوئے لیکن ہم اپنے حق سے پیچھے نہیں ہٹے اور اٹھارہویں آئینی ترمیم اور صوبائی خود مختاری کی شکل میں صوبے کو اس کا جائز اور قانونی حق دلایا۔ انہوں نے نئے شامل ہونے والوں کو سرخ ٹوپیاں پہنائی اور پارٹی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر اے این پی سٹی کے کابینہ اراکین اور کثیر تعداد میں پارٹی کارکنان بھی موجود تھے۔
تازہ ترین